نئی دہلی ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) کھیتلین اسٹیفنس نئی عبوری سفیر امریکہ برائے ہندوستان نے آج امریکی سفارتخانہ میں اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ اشتراک و تعاون کی منتظر ہیں تاکہ ہند ۔ امریکہ شراکت داری کو وسیع تر اور زیادہ مستحکم بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ پر توجہ دی جائے گی۔ کھیترین اسٹیفنس گذشتہ رات نئی دہلی پہنچی تھیں۔ انہوں نے سابق سفیر نینسی پاویل کی ہندوستان سے 22 مئی کو روانگی کے بعد اپنا عہدہ سنبھالا ہے۔ کیتھرین اسٹیفنس نے افغانستان میں کامیاب عبوری دور اور انسداد دہشت گردی اقدامات کے علاوہ نفاذ قانون میں ہندوستان کے تعاون کی ستائش کی اور کہا کہ عوام سے عوام کے تعلقات کے ذریعہ دونوں ممالک کی مزید ترقی ممکن ہوگی۔ کھیتلین اسٹیفنس نئے سفیر کی نامزدگی تک اور ان کے تقرر کی امریکی سینٹ کی جانب سے منظوری تک عبوری سفیر برقرار رہیں گی۔