زیورات اور خواتین کا ساتھ لازم و ملزوم ہے۔ ان کے بغیر خواتین کا شوق ادھورا ہے۔ روئے زمین پر شاید ہی کوئی ایسی خاتون ہو جسے زیورات سے دلچسپی نہ ہو۔ قدیم تہذیب کے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خواتین میں زیورات کا استعمال ہر دور میں مقبول رہا ہے۔ سونے کے زیورات کی اہمیت سے انکار نہ پہلے کسی کو تھا اور نہ اب ہے۔ سونا ایک قیمتی دھات ہی نہیں بلکہ یہ کسی ملک کی کرنسی بھی متعین کرتا ہے اور معاشی حیثیت مستحکم کرتا ہے۔ لیکن اس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے اب خواتین خواہ وہ کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتی ہوں‘ مصنوعی زیورات پسند کرنے لگی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب آہستہ آہستہ چاندی کے زیورات بھی خواتین میں مقبول ہوتے جارہے ہیں۔ اگرچہ سونے کی اہمیت اپنی جگہ ہے لیکن اس کی بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے خواتین چاندی کے زیورات کی طرف راغب ہورہی ہیں۔ چاندی کے زیورات بھی خوبصورت سے خوبصورت تر مل جاتے ہیں۔اور پھر ایسا بھی نہیں کہ چاندی کے زیور خواتین پر جچیںگے نہیں یا خواتین چاندی کے زیورات کا استعمال زیادہ نہیں کریں گی۔ اگر ایک بار رجحان چل پڑا اور سونے کی قیمت اسی طرح آسمان چھوتی رہی تو چاندی‘ سونے کی جگہ لے سکتی ہے۔