’کیا خدا کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کرتا ہے‘ ، ہائیکورٹ کا ریمارک

نئی دہلی۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)’’کیا کابینہ کے اجلاس میں خدا خودبیٹھ کر اہم مسائل پر فیصلہ کرتا ہے یا پھر کابینہ کا اجلاس کوئی ایسا معمہ ہے جس میں متعلقہ موضوعات سے نمٹا نہیں جاسکتا؟‘‘۔ دہلی ہائیکورٹ نے آج یہ سخت ترین ریمارک کرتے ہوئے قومی دارالحکومت کیلئے اضافی پولیس منظور کرنے میں مرکز کی تاخیر پر برہمی ظاہر کی۔ جسٹس بی ڈی احمد اور جسٹس سنجیو سچدیو پر مشتمل بنچ نے یہ احساسات اس وقت ظاہر کئے جب ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل سنجے جین کہا کہ اس مسئلہ پر بین وزارتی کابینی نوٹ تیار کیا جارہا ہے۔ بنچ نے کہا کہ بحیثیت جج اور بحیثیت ایک فرد مجھے مرکز اور متعلقہ حکام کے اس رویہ پر کافی افسوس ہے۔ آپ عوام کا قتل کررہے ہیں۔ ان ہی عوام نے آپ کو منتخب کیا ہے۔ خواتین ، بچوں اور معمر شہریوں کے خلاف جرائم کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ بنچ نے بیورو کریسی پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ آخر وہ کیسے عہدیدار ہیں جو 6 ہفتوں میں ایک نوٹ تیار نہیں کرسکتے۔