کیا آپ پرندے پالتے ہیں؟

بچو ! رنگ برنگے، یہاں سے وہاں اُڑتے اور طرح طرح کی بولیاں بولتے ہوئے پرندے سب ہی کو اچھے لگتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کوئی پرندہ کبھی پالا ہے؟ کسی بھی پرندے کو گھر میں رکھنے سے پہلے چند باتوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ کیونکہ ہر طرح کے پرندوں کی الگ الگ ضروریات ہوتی ہیں۔
چھوٹے طوطے کاک ٹیل، چھوٹی چھوٹی رنگ برنگی چڑیوں کو پالنا زیادہ آسان ہے کیونکہ نہ صرف یہ چھوٹے سائز کی ہوتی ہیں بلکہ یہ پنجرے میں آسانی سے رہتی اور انڈے دے دیتی ہیں۔ پرندوں کا پنجرہ ان کے سائز کے حساب سے اتنا ہونا چاہئے کہ وہ اس میں ایک اُڑان لے سکیں یعنی ایک جگہ سے دوسری جگہ پر بیٹھ سکیں۔ اگر پنجرہ بہت زیادہ چھوٹا ہوتو پرندے بیمار بھی ہوسکتے ہیں اور ان کے پر بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔ اپنے پالتو پرندوں کو ہاتھ میں پکڑنے کی کوشش کریں تو یہ کام بہت احتیاط سے کریں۔ اگر آپ زیادہ زور سے یا غلط طریقے سے پکڑیں گے تو وہ زخمی یا بیمار ہوسکتا ہے کیونکہ یہ بہت نازک ہوتے ہیں۔بڑے پرندوں مثلاً افریقی طوطے، کبوتر یا عقاب وغیرہ کو رہنے کیلئے نہ صرف کھلی جگہ یعنی بڑا پنجرہ ضروری ہوتا ہے بلکہ انسانوں یا دوسرے پرندوں سے تعلق رکھنے کی بھی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ یہ پرندے لمبے عرصے تک زندہ رہتے ہیں۔ اس لئے انہیں لمبے عرصے کیلئے دوستوں کی ضرورت رہتی ہے، اور انہیں پالنے کی صورت میں ان کو زیادہ توجہ اور وقت دینا پڑتا ہے۔یہ اپنے مالک سے بہت جلد مانوس ہوجاتے ہیں۔ موسم کے لحاظ سے انہیں سردی، گرمی سے بھی بچائیں۔ ان کا پنجرہ کھلی جگہ پر رکھیں تاکہ ہوا کا گزر ہوتا رہے۔