پولیس بھرتی ٹسٹ کے دوران دو اموات پر ادھو اور راج ٹھاکرے کی تنقید
ممبئی ۔ 16 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے نے آج مہاراشٹرا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فوج میں بھرتی کے عمل کے ساتھ حکومت کھلواڑ کر رہی ہے ۔ جاریہ بھرتی کے دوران بھی ایسا ہی کچھ ہورہا ہے جہاں امیدواروں کو چلچلاتی دھوپ میں پانچ کیلو میٹر تک دوڑ لگانے کی مشق کی جارہی ہے ۔ حکومت کو یہ بھی خیال نہیں ہے کہ موسم کیسا ہے اور مستقبل کے ایک فوجی کو اپنے آپ کو فٹ بتانے کے لئے کیا پانچ کیلو میٹر تک دوڑ لگانا ضروری ہے ؟ میں پوچھتا ہوں کہ کیا وزیر داخلہ آر آر پاٹل اپنے فرائض نبھانے کیلئے فٹ ہیں؟ یاد رہے کہ فوج میں بھرتی کیلئے امیدواروں کے اتنے سخت ٹسٹ لئے گئے کہ ان میں سے دو امیدواروں کی موت ہوگئی جس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے ایک بار پھر طنزیہ لہجہ میں کہا کہ کیا حکومت چلانے کیلئے آر آر پاٹل کو ایک مناسب اور فٹ شخص قرار دیا جاسکتا ہے ۔ وزارتوں سے مربوط نصف تعداد ایسے لوگوں کی ہے جن کی بڑی بڑی توندیں ہیں۔ جب وہ پینٹ پہنتے ہیں تو پینٹ پیٹ سے نیچے اتر جاتی ہے ۔ پانچ کیلو میٹر تو دور کی بات ہے ، پانچ فرلانگ بھی یہ لوگ دوڑ نہیں سکتے ۔ شیوسینا کے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ میں ایک بیان دیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے یہ بات کہی ۔ اگر کوئی پولیس والا کسی ملزم کا تعاقب کرتے ہوئے پانچ کیلو میٹر تک دوڑتے ہوئے اسے گرفتار بھی کرتا ہے تو بعد ازاں عدالت اس ملزم کو ناکافی شہادتوں کی بنیاد پر بری کردیتی ہے ۔ اس ڈھونگ کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔ یاد رہے کہ اسی موضوع پر ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے بھی کل وزیر داخلہ آر آر پاٹل کو ہدف تنقید بنایا تھا اور کہا تھا کہ کیا پاٹل 100 میٹر تک بھی دوڑ سکتے ہیں؟