کیابس ڈرائیورس کو ملکیت اسکیم کے تحت 75 گاڑیوںکی تقسیم

اسکائی کیاب کی تقریب، رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی و دیگر کا خطاب
شمس آباد 30 اگسٹ (سیاست نیوز) شمس آباد میں نوری ٹراویلس کی جانب سے اسکائی کیاب کے زیراہتمام بہ تعاون پروگرام منعقد کیا گیا جس میں اسکائی کیابس کے ڈرائیورس میں 75 کار اور دیگر انعامات تقسیم کئے گئے۔ کے پربھاکر ریڈی رکن پارلیمنٹ میدک نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے ڈرائیورس کو کارکی چابی و سرٹیفکٹ حوالہ کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ نے اپنے خطاب میں کہاکہ 40 سالہ قدیم نوری ٹراویلس جو شمس آباد ایرپورٹ میں اسکائی کیابس کی تقریباً 400 سے زائد گاڑیاں چلاکر بہترین خدمات انجام دے رہی ہے، اسکائی کیابس کے ڈرائیورس کو صرف زبانی وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ پوری ایمانداری کے ساتھ 730 دن یعنی دو سال مسلسل گاڑی چلائیں گے تو انھیں ان کی جانب سے چلائی جانے والی کار ان کے نام کردیا جائے گا۔ اور اس وعدہ کو پورا کرتے ہوئے نوری ٹراویلس حیدرآباد نے ملک کی پہلی کیابس سرویس بن گئی ہے جو ڈرائیورس کے ساتھ ملکیت اسکیم کی تکمیل کی۔ انھوں نے کہاکہ ڈرائیور کا سماج میں اہم رول ہے۔ جسے وہ پوری ایمانداری اور حسن سلوک کے ساتھ بہترین سرویس مہیا کرنے پر ان کے ٹراویلس، شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کا نام روشن ہوگا۔ ایرپورٹ میں ملک و بیرون ملک سے مسافر سفر کرتے ہیں انھیں ایرپورٹ سے ان کے مقام تک صحیح سلامت پہنچانا ڈرائیورس کی ہی ذمہ داری ہوتی ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے اسکائی کیابس کے اونرس اور ڈرائیورس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ بہترین سرویس کوالٹی کے ساتھ تلنگانہ ریاست کا نام روشن کریں گے۔ کے پربھاکر ریڈی رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ ریاست میں تیس تا چالیس فیصد عوام غریبی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ غربت کو دور کرنے کیلئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ مختلف اسکیمات کے ذریعہ روزگار فراہم کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ریاست کو ملک میں پہلا مقام دلانے اور ریاست کی ترقی کے لئے کئی پراجکٹس شروع کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں چالیس ہزار کروڑ روپیوں کے ذریعہ 60 فلائی اوورس کی تعمیر کروائی جارہی ہے جس سے ٹریفک کا مسئلہ مکمل حل ہوجائے گا اور ایک سال میں تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی مکمل کرلی جائے گی اور ساتھ ہی ریاست کو کرپشن سے پاک ریاست بنانے کا بھی عہد کیا گیا۔ قبل ازیں جناب رضوان حیدر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ بعدازاں جناب افتخار حسین نے نوری ٹراویلس کا قیام اور ان کے خاندانی حالات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہاکہ ابتداء میں انھوں نے صرف ایک میٹاڈور سے ٹراویلس کا آغاز کیا جس کے بعد کئی نشیب و فراز حالات کا سامنا کیا۔ اب اسکائی کیابس کے 600 سے زائد گاڑیاں موجود ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ ڈرائیورس کو گاڑیوں کے مالکین بنانے کا ایک عرصہ قبل ہی منصوبہ بندی کی تھی۔ جس پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ اس سے قبل ڈرائیورس کی دیانت داری پر رہائشی مکانات کے پلاٹس بھی فراہم کئے گئے جس کا مقصد انھیں خوشحال زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ جناب نبیل حسین نے اسکیم کی تفصیلات پیش کئے۔اس موقع پر کرار احمد طاہر ڈائرکٹر اسکائی کیابس، حفیظ شیخ امام مالک ٹورسٹ ٹراویلس، صدر سید نظام الدین کیابس اینڈ بس آپریٹرس اسوسی ایشن، افتخار حسین نوری ٹراویلس، نبیل حسین، رضوان حیدر کے علاوہ کیابس ڈرائیورس موجود تھے۔ کیابس کے علاوہ بہترین سرویس مہیا کرنے والے ڈرائیورس میں فریج، ایل ای ڈی، کولرس وغیرہ تقسیم کئے گئے۔