دبئی ، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یو اے ای میں شطرنج کے ایک کھلاڑی کو اس وقت ٹورنمنٹ سے نکال دیا گیا جب یہ معلوم ہوا کہ اُس نے ٹائلٹ میں اپنے اسمارٹ فون پر اپنی چالیں چیک کی تھیں۔ اگر کایوز نگالڈزا نامی اس شاطر پر اسمارٹ فون پر اپنی چالیں چیک کرنے کا الزام ثابت ہو گیا تو ان پر تین سال کی پابندی عائد ہو سکتی ہے۔ 26 سالہ کایوز عالمی رینکنگ میں 400 ویں نمبر پر ہیں۔ جارجیا کے چمپئن کایوز آرمینیا کے ٹگرن پیٹروسین کے خلاف دبئی اوپن کے چھٹے راؤنڈ میں کھیل رہے تھے۔ پیٹروسین نے حکام کو مطلع کیا کہ کایوز بار بار ٹائلٹ جا رہے ہیں۔ کایوز ٹائلٹ میں ایک ہی مخصوص خانے میں جاتے اور ہر بار دس منٹ گزارتے۔ جب کایوز غسل خانے سے باہر نکلے تو حکام کی جانب سے تلاشی میں ان کو ٹشو پیپر میں لپٹا ہوا سمارٹ فون ملا۔ ٹورنمنٹ کے ڈائریکٹر یحییٰ محمد صالح نے بی بی سی کو بتایا: ’کایوز نے کہا کہ یہ فون اُن کا نہیں ہے لیکن اس فون پر ان کا فیس بک پیج کھلا ہوا تھا اور اس پر شطرنج کا پروگرام چل رہا تھا۔‘ اس ٹورنمنٹ میں پہلا انعام 12 ہزار امریکی ڈالر ہے۔ جارجیا کی شطرنج فیڈریشن نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ وہ کایوز کے بیان کے منتظر ہیں۔ جارجیا چیس فیڈریشن کی ترجمان صوفیا نے برطانوی نشریاتی ادارہ کو بتایا: ’’کایوز بہت ذہین ہیں۔ وہ بہت اچھے نوجوان ہیں اور میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ وہ اس قسم کی حرکت کریں گے۔‘‘