حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ ونستھلی پورم اور میر پیٹ میں پیش آئے دلسوز واقعات میں 2 کمسن بچے فوت ہوگئے جو کھیل کے دوران پیش آئے حادثات کا شکار ہوگئے تھے ۔ ونستھلی پورم کے علاقہ میں کرکٹ کے ٹینس بال کی زد میں آکر 6 سالہ ومشی کرشنا فوت ہوگیا جو کھیل میں مصروف تھا ۔ ٹینس بال اس کے سینہ پر لگا تھا اور اس کے بعد ومشی کرشنا بے ہوش ہوگیا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔ ومشی کرشنا یو کے جی کا طالب علم تھا جو برنداون کالونی ونستھلی پورم علاقہ کے ساکن گویندر راج کا بیٹا تھا ۔ میر پیٹ پولیس کے مطابق 2 سالہ رامپل من جو گرم گوڑہ علاقہ کے ساکن رامپل بابو کا بیٹا تھا۔ یہ لڑکا پانی کے سمپ میں گر نے کے بعد شدید متاثر ہوگیا تھا جو کل رات فوت ہوگیا ۔ یہ کمسن اپریل کے پہلے ہفتہ میں پانی کے سمپ میں گر کر متاثر ہوگیا تھا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔