کھیل کود کے دوران دو بچوں کی موت

حیدرآباد ۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) معین آباد اور راجندر نگر کے علاقوں میں پیش آئے دلسوز واقعات میں دو کمسن بچے فوت ہوگئے۔ یہ دو انتہائی افسوسناک واقعات بچوں کے کھیل کے دوران پیش آئے۔ ایک کمسن پانی کے سمپ میں گر کر اور دوسرا پارک میں کھیل کے دوران سمنٹ کے پتھر کی زد میں آ کر فوت ہوگیا۔ معین آباد پولیس کے مطابق 2 سالہ سرمن جو معین آباد علاقہ کے ساکن سنتوش کا بیٹا تھا، کل شام یہ لڑکا کھیل کے دوران پانی کے سمپ میں گر کر فوت ہوگیا۔ اس بچے کے والدین مزدور پیشہ بتائے گئے ہیں جو زندگی کے گذربسر کیلئے محبوب نگر سے حیدرآباد کے نواحی علاقہ منتقل ہوئے تھے۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق ڈی شرما کی عمر تقریباً ساڑھے چھ سال بتائی گئی ہے۔ یہ لڑکی جناپریہ اپارٹمنٹ حیدرگوڑہ علاقہ کے ساکن بشن شرما کی بیٹی تھی۔ یہ لڑکی سوسائٹی کے پارک میں کھیل رہی تھی کہ اچانک سمنٹ کے بینچ سے گر کر شدید زخمی ہوگئی جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔