ممبئی ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے گورنر مہاراشٹرا سی ایچ ودیا ساگر راؤ سے وزیر مال ایکناتھ کھڈسے کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔ ممبئی کانگریس صدر سنجے نروپم نے کہاکہ ہم نے گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے اُن کی توجہ ایکناتھ کھڈسے کی داؤد ابراہیم کی کراچی رہائش گاہ سے بات چیت کے فون کالس اور ایک زمین کی خریدی کے سلسلے میں اقتدار کے بیجا استعمال کے علاوہ اُن کے مبینہ پی اے گجانند پاٹل کی رشوت کے مقدمہ میں گرفتاری کی سمت توجہ مبذول کروائی ۔ کھڈسے نے ان تین معاملت میں بھی تمام الزامات کی تردید کی ہے ۔
بی جے پی حکومت کے بارے میں اقلیتوں کا خوف ختم : نجمہ
سری نگر ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ بی جے پی کے مرکز میں اقتدار پر آنے سے پہلے اقلیتی طبقہ میں جو غلط فہمی پیدا کی گئی تھی وہ اب حقیقت سے بعید ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقات میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کیا گیا لیکن حقیقی صورتحال اس کے برعکس ہونے کی بناء یہ صورتحال از خود ختم ہوگئی۔ انہوں نے مودی حکومت کے 2 سال کی تکمیل پر کارناموں کو اجاگر کرنے کے مقصد سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صرف نعروں پر یقین نہیں رکھتی بلکہ وہ اقلیتوں کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔