کھمم میں خانگی بس نہر میں گرپڑی ‘10ہلاک‘18زخمی

حیدرآباد ۔ 22اگست ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے ضلع کھمم میں آج رات کے پچھلے پہر ایک خانگی بس نہر میں گرپڑی جس کے نتیجہ میں بشمول دو خواتین کم سے کم 10مسافر ہلاک اور دیگر 18زخمی ہوگئے ۔ اس دوران آندھراپردیش میں چتور کے قریب پیش آئے ایک دوسرے حادثہ میں تین افراد فوت ہوگئے ‘ جو کرشنا پشکرم میں ڈبکی لگانے کے بعد اپنی کار کے ذریعہ واپس ہورہے تھے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ حیدرآباد سے آندھراپردیش کے کاکیناڈا ٹاؤن روانہ ہونے والی ایک خانگی بس 3بجے شب ضلع کھمم کے کسومنچی منڈل میں نائیکن گڈم کے قریب ایک پل کی حصار سے ٹکرانے کے بعد نہر میں گرپڑی جس کے نتیجہ میں اس کے 10مسافر فوت اور دیگر 18زخمی ہوگئے ۔ ڈی آئی جی ( ورنگل رینج) پربھاکر راؤ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ اس بدنصیب بس میں دو ڈرائیورس اور دو کلینرس کے ساتھ 30افراد سفر کررہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا جس کے ساتھ ہی دونوں ڈرائیورس اور کلینرس نظر نہیں آئے ‘‘ ۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بس تیز رفتاری کے ساتھ گزر رہی تھی اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ڈرائیور اس بس پر اپنا کنٹرول کھوچکا تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ‘ زخمیوں کو قریبی سرکاری دواخانہ میں شریک کردیا گیا ۔ قبل ازیں کھمم کے ضلع کلکٹر لوکیشکمار اور چند سینئر پولیس عہدیداروں نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا اور راحت و امدادی کاموں کی نگرانی کی ۔ حکومت آندھراپردیش نے تمام 10 متوفیوں کیلئے فی کس تین لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔