کھلاڑی ورلڈکپ سے قبل کارکردگی میں بہتری لائیں: وقار یونس

کراچی۔21 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز ہارنے کے بعدکچھ کھلاڑی خاموشی سے کراچی پہنچ گئے جبکہ رات گئے دبئی سے لاہور آنے والی فلائٹ جس میں کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، وہاب ریاض،مشتاق احمد اور دیگر شامل تھے دھند کی وجہ سے اسے واپس دبئی بھیج دیا گیا۔وقار یونس نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ سے پہلے اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں۔کین ولیمسن نے کامیابی کو بڑی جیت قرار دیا ہے۔پاکستانی ٹیم کے غیر ملکی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور،فیلڈنگ کوچ ٹرینر گرانٹ لوڈن،اور فزیو تھراپسٹ بریڈ رابنسن کر سمس اور نئے سال کی چھٹیاں منانے اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں۔یہ لوگ جنوری کے پہلے ہفتے میں لاہور آئیں گے۔وقار یونس نے کہا کہ ہمیں بیٹنگ کے دوران شارٹ گیندوں اور فیلڈنگ پر سخت محنت کی ضرورت ہے۔ورلڈ کپ سے پہلے شارٹ گیندوں کو کھیلنے کی خامی کو دور کرنا ہوگا۔جبکہ فیلڈنگ ایسا شعبہ ہے جس میں بہتری کے بغیر ورلڈ کپ میں آگے جانا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی امیدوں کا قائم رکھنا ہوگا۔ہم پوری کوشش کررہے ہیں اور مجھے اپنی ٹیم سے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔نیوز ی لینڈ کے خلاف سیریز میں ہم نے صد فیصد نہ سہی اپنے مقاصد حاصل کر لئے ہیں۔ہم مستقل کپتان مصباح کی خدمات سے محروم تھے۔سعید اجمل اور حفیظ کی بولنگ نہ ہونے سے بھی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے مذکورہ بولروں کی عدم دستیابی کے بعد سیریز کے دوران مستقل کپتان مصباح الحق اور عمر گل زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔ ہنگامی حالات میں آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو پاکستانی ٹیم کی قیادت سونپی گئی جنہوں نے اپنے بہتر انفرادی مظاہرہ کے ذریعہ ٹیم کو سیریز میں کامیابی کے مواقع فراہم کئے، لیکن آخری مقابلے میں پاکستانی ٹیم 275 رنز کے تعاقب میں ناکام رہی اور اسے ونڈے سیریز میں قریبی شکست 3-2 سے برداشت کرنی پڑی۔