کھلاڑیوں کی نفسیات کے متعلق کہنا قبل از وقت : سی اے

ایڈیلیڈ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے آج کہا ہیکہ یہ کھلاڑیوں پر منحصر ہیکہ وہ ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ کیلئے اپنی شرکت کی توثیق کریں کیونکہ فلپ ہیوز کی موت کے بعد آسٹریلیائی کھلاڑی شدید صدمہ کا شکار ہیں۔ علاوہ ازیں فاسٹ بولر ریان ہارس نے پہلے ہی اعتراف کیا ہیکہ وہ پہلے ٹسٹ میں شرکت کے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔ سی اے کے چیف ایگزیکیٹیو جیمس سوتھر لینڈ نے کہا ہیکہ کھلاڑیوں کی نفسیات کے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے حالانکہ آئندہ منگل کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹسٹ کا آغاز ہورہا ہے۔ جیمس نے مزید کہا ہیکہ کل ہیوز کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی اور اس کے بعد یہ کھلاڑیوں پر منحصر رہے گا کہ وہ کس طرح پہلے ٹسٹ کیلئے خود کو تیار کرتے ہیں کیونکہ ساتھی کھلاڑی ہیوز کی موت کی وجہ سے دنیائے کرکٹ جہاں غم میں مبتلا ہیں وہیں مقامی کھلاڑی جذباتی وابستگی کی وجہ سے ذہنی کیفیت سے دوچار ہیں۔