منگلور۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کرناٹک میں 12 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے آج جاری انتخابی منشور میں وعدہ کیا کہ ریاست سے اولمپک میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے اور بین الاقوامی کھیل مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مناسب انعامی رقم فراہم کی جائے گی۔کانگریس صدر راہول گاندھی نے یہاں جاری اس منشور میں کہا کہ میسور میں ایک کھیل یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور بنگلور کو کھیل کے میدان میں قومی مرکز بنایا جائے گا جس میں بین الاقوامی سطح کے دس کھیل کے خصوصی مراکز تیار کئے جائیں گے ۔ مقامی کھیل جیسے کبڈی اور کھو کھو کو فروغ دینے کیلئے کھیل اکیڈمیوں کی تشکیل بھی کی جائے گی۔