کھلاڑیوں نے ملک کامرتبہ او رفخر میں اضافہ کیا :وزیر اعظم

نئی دہلی ۔5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے اٹھارہویں ایشیائی کھیلوں میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پرملاقات کی اور ان کی شاندار کارکردگی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جکارتہ میں پچھلے دنوں اختتام پذیرایشیائی کھیلوں میں ہمارے کھلاڑیوں نے ہندوستان کے مرتبے اور فخر میں اضافہ کیا ہے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباددیتے ہوئے ایشیا ئی کھیلوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ہندوستان کے لئے بڑی تعداد میں گولڈ میڈلس جیتنے کے لئے ان کھلاڑیوں کی ستائش کی۔انہوں نے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کھیل کود کے جذبے نے ہندوستان کے مرتبے اورفخر میں اضافہ کیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ میڈل جیتنے والے کھلاڑی اپنی شہرت اور عزت افزائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فن پر مزیدتوجہ مرکوز کریں گے ۔وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے زور دے کر کہا کہ ٹکنالوجی کو اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں اور اتھلیٹس کوٹکنالوجی کی مدد سے کئے جانے والے تجزیہ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنی چاہئے ۔اس کے لئے انہیں دنیا کے چوٹی کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی تجزیہ کرنا چاہئے ۔اس موقع پروزیر اعظم نے چھوٹے قصبوں، دیہی علاقوں اورغریبی کے پس منظرسے ابھرنے والی صلاحیتوں پر اظہار مسرت کیا کہ انہوں نے ان ناگفتہ بہ حالات میں بھی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لئے میڈل جیت کر ہندوستان کا سر فخر کے ساتھ بلند کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ہی حقیقی صلاحیتیں اور امکانات موجودہیں اور ہمیں ان صلاحیتوں کونکھارنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ باہری دنیا اس بات سے ناواقف ہے کہ ایک کھلاڑی یا اتھلیٹس کو اپنی روز مرہ کی زندگی میں کس طرح شدید جدوجہد کرنی پڑتی ہے ۔اس گفتگو کے دوران وزیر اعظم اس وقت انتہائی جذباتی ہوگئے جب ان کھلاڑیوں کے نام بیان کئے گئے جنہوں نے زندگی کی شدید دشواریوں کے باوجود ملک وقوم کے لئے میڈل حاصل کئے ہیں۔انہوں نے ان کھلاڑیوں کی ہمت اور جذبے کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے امید ظاہرکی کہ ملک ان کی ان کوششوں سے حوصلہ حاصل کرے گا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کھلاڑیوں اور اتھلیٹس سے زوردے کر کہا کہ وہ اپنی کامیابیوں اور تعریفوں سے مطمئن ہوکر نا بیٹھ جائیں بلکہ مزید شاندارکامیابیوں کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈل جیتنے والوں کے لئے سب سے بڑاچیلنج اب شروع ہوگا اورانہیں اولمپک کھیلوں میں اپنا مقام بنائے رکھنے کے عزم سے کبھی دستبردار نہیں ہونا چاہئے ۔واضح ہوکہ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ اور پیلم بینگ میں اٹھارہویں ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے اب تک کے سب سے زیادہ69 میڈل حاصل کئے ہیں۔اس موقع پر وزیر کھیل راٹھوربھی موجود تھے۔