کھلاڑیوں اور شائقین کیخلاف سخت کارروائی کرنے آئی سی سی کا انتباہ

لندن ۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈکپ کو سیکورٹی خدشات اور سٹے بازی وبدعنوانی کے ساتھ نسل پرستی، متعصبانہ جملے بازی، کھلاڑیوں کے ایک دوسرے پر جملے کسنے سے بچانے کا بھی تہیہ کیے ہوئے ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کرکٹرز کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل کے دوران نسلی جملے بازی اور حریف کھلاڑیوں کے ساتھ ذاتی حد تک کی جانی والی تلخ کلامی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس قسم واقعات پر فوری اور سخت کارروائی کی جائے گا۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام ٹیموں کے ارکان کے ساتھ مفصل ملاقاتیں کیں اور اصرارکیا کہ پلیئرز کا طرز عمل مثالی رہنا چاہیے۔ گذشتہ بارہ ماہ کے دوران ہم نے دیکھا ہے کہ عام طور پر میدان میں غیرشائستہ واقعات نہیں ہوئے، ٹیموں نے ایک دوسرے کے ساتھ بہتر برتائو کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران حد سے تجاوز کرنے والے کھلاڑی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ویسٹ انڈین فاسٹ بولر شینن گیبریئل کی مثال پیش کی، جنہوں نے گزشتہ دورہ انگلینڈ میں میزبان بیٹسمین جیو روٹ کی نجی زندگی پر ذاتی نوعیت کے حملے کیے تھے، اس پر تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان پر پابندی لگادی گئی تھی۔ ڈیوڈ رچرڈسن کا خواتین ورلڈکپ نے حوالہ دیتے ہوئے مزیدکہا کہ جمعرات کو جب انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گی تو امید ہے ماحول بہت دوستانہ اور افراد خاندان جیسا ہوگا۔ دوسری جانب آئی سی سی نے شو پیس ایونٹ کے دوران جنسی ہراسانی کے واقعات ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سب کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ جنرل منیجر کلیر فرلانگ کی جانب سے ٹورنمنٹ کی کوریج پر مامور دنیا بھر کے میڈیا نمائندوںکیلئے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم ورلڈکپ سے منسلک ہر فرد کے تحفظ کو یقینی اور ماحول بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ کرکٹرز، معاون عملہ، رضاکار، براڈکاسٹرز، پروڈکشن اسٹاف، اسپانسرز نمائندے، سپلائرز اور عوام کیلئے ہم محفوظ ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں، تاکہ وہ ہر نوعیت کی منفی مداخلت اور غیرمہذب رویوں سے دور رہ کر کرکٹ سے لطف اندوز ہوں۔ یہ بتانا ضروری ہے کہ کوئی بھی فرد غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اگر وہ ورلڈ کپ سے کسی بھی حیثیت میں منسلک ہے تو اسے برطرف اور عام تماشائی ہے تو اسے فوری طور پر میدان سے بے دخل کردیا جائے گا۔