مزیدار اور لذیذ کھانوں سے جب دسترخوان سجا ہو تو بھوک نہ ہوتے ہوئے بھی کھانے کی طرف دل للچاتا ہے۔ گھر کے بزرگ، والدہ یا شوہر کو اس کا ذائقہ ضرور چکھائیں، وہ جس کمی کا اظہار کریں اسے پورا کریں۔ کسی تقریب یا دعوت کے موقع پر دو تین مختلف قسم کے پکوان بنائیں تاکہ دوست احباب مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہوسکیں۔اگر گھر میں کسی کا کولیسٹرول بڑھا ہوا ہے تو آپ کو گھی اور چکنائی والے کھانوں سے پرہیز کرنا پڑے گا اور بہتر ہے کہ اُن کی موجودگی میں ایسے کھانے نہ بنائے جائیں۔ اسی طرح ذیابیطس کے مریضوں کیلئے میٹھے پکوان بنانے سے بھی احتیاط کریں۔کھانا بنانے کو معمولی کام نہ سمجھیں۔ گھر کی دوسری خواتین یا اپنی سہلیوں کو بھی شامل کرکے اُن کی مدد سے مختلف قسم کے کھانے بناسکتی ہیں۔ کچھ عرصے کے بعد آپ خود اس کام میں اتنی ماہر ہوجائیں گی کہ کسی کی مدد کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔ کھانا پکانے کی ابتداء سادہ روایتی کھانے پکا کر کریں۔