کک کی 32 ویں سنچری،انگلینڈکی ٹھوس شروعات

آسٹریلیا327 رنز پر ڈھیر،انگلینڈ192/2

میلبورن۔27 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) تجربہ کار اوپنر السٹر کک (ناٹ آوٹ 104) نے مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد چوتھے ایشیزٹسٹ کے دوسرے دن اپنی سنچری کی بدولت انگلینڈ کو میچ میں بہتر موقف میں پہنچا دیا۔ قبل ازیں انگلش بولروں نے آسٹریلیائی ٹیم کو پہلی اننگز میں 327 رن پر آل آؤٹ کردیا ۔انگلینڈ نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک57 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر پہلی اننگز میں 192 رن بنا لئے اور وہ اب آسٹریلیا کے اسکور سے 135 رن دور ہے اور اس کے آٹھ وکٹ محفوظ ہیں۔ مسلسل ناقص کارکردگی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنے سابق کپتان کک 104 رن اور کپتان جو روٹ 49 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔اس سے پہلے آسٹریلیا کے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پہلے دن انگلش بولر جیمز اینڈرسن نے61 رنز پر تین وکٹ اور اسٹیورٹ براڈ نے51 رن پر چار وکٹ حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کو لنچ کے بعد 119 اوور میں 327 رنوں پر سمیٹ دیا۔آسٹریلیا نے صبح 3 وکٹ پر244 رنوں کے ساتھ اچھی شروعات کی لیکن 67 رن جوڑ کر اپنے باقی سات وکٹ بھی گنوادیئے ۔آسٹریلیائی ٹیم کو آؤٹ کرنے کے بعد انگلینڈ کے بیٹسمینوں نے بڑے حوصلے کے ساتھ پہلی اننگز کا آغاز کیا اور اوپنر کک نے گزشتہ تین میچوں میں مایوس کن اننگز کے بعد اپنی 32 ویں سنچری بنائی۔ انہوں نے 166 گیندوں میں 15 چوکے لگا کر 104 رن بنائے اور میدان سے ناٹ آؤٹ لوٹے ۔کک کی 2011 کے بعد یہ پہلی ایشیز سنچری ہے۔ ان کے ساتھ کپتان روٹ نے 105 گیندوں میں چھ چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 49 رن بنائے اور تیسرے وکٹ کے لئے 112 رن کی ناقابل شکست شراکت داری کرکے انگلنینڈ کو مستحکم موقف میں لاکھڑا کیا۔میزبان ٹیم سے قبل ہی3-0 سے ایشیز ٹرافی گنوا چکی انگلینڈ نے اپنی اننگز میں دوسرے دن دو وکٹ گنوائے ۔ مارک اسٹون مین 15 رن بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ جیمز ونس 17 رن ہی بنا پائے اور انہیں جوش ہیزل ووڈ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا لیکن 80 رن پر دو وکٹ کے نقصان کے بعد کک اور روٹ نے پھر دن کے اختتام تک بغیر نقصان کے اسکور 192 تک پہنچا دیا۔اس سے پہلے صبح آسٹریلیا نے اپنی اننگز کو کل کے 244 رن پر تین وکٹ سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ اس وقت کپتان اسٹیون اسمتھ (65) اور شان مارش (31) ر ن بناکر کریز پر موجود تھے اور دونوں نے چوتھے وکٹ کے لئے 100 رن کی ساجھے داری کی۔ لیکن پھر انگلینڈ کی ٹیم میں نئے گیندباز ٹام کوران نے اسمتھ کو 11 رن بعد ہی بولڈ کرکے پویلین واپس بھیج دیا۔اسمتھ نے 156 گیندوں میں آٹھ چوکے لگا کر 76 رن جوڑے جبکہ مارش نے بھی نصف سنچری مکمل کی اور 148 گیندوں میں آٹھ چوکے لگا کر 61 رن بنائے ۔میزبان ٹیم نے 278 رن پر پانچ وکٹ کے بعد 327 رن تک سارے وکٹ گنوا دیئے ۔اینڈرسن نے ناتھن لیون(صفر) کو دوپہر کے کھانے سے پہلے آؤٹ کرکے آسٹریلیائی اننگز کو سمیٹ دیا۔ مشیل مارش (09)، ٹم پین(24)، پیٹ کمنس(04)، جیکسن برڈ (04) رن پر آؤٹ ہوئے ۔ کرس ووکس کو 72 رن اور کوران کو 65 رن پر ایک وکٹ ملا۔