کک کی ریکاڈرڈبل سنچری،انگلینڈکو164 رنز کی سبقت

 

میلبورن ۔28 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)چوتھے ایشیز کرکٹ ٹسٹ میں سابق انگلش کپتان السٹرکک نے ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچا دیا ہے اور انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 164 رنز کی برتری حاصل کرلی۔تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے پہلی اننگز میں9وکٹوں کے نقصان پر491 نز بنالئے اور کک 244 رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔میلبورن کرکٹ گراونڈ پر ایشز سیریز کے چوتھے ٹسٹ میں انگلینڈ نے 192رنز دو کھلاڑی آوٹ پر نامکمل اننگز آگے بڑھائی، جو روٹ 61رنز کی اننگز کھیل کر کومنزکو وکٹ دے بیٹھے۔ملان 14اور بیرسٹو 22رنز بناکر آوٹ ہوئے، معین علی اور ووکس بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور جلد ہی کک کا ساتھ چھوڑ گئے، دونوں بیٹسمینوں نے بالترتیب 20اور26رنز بنائے، براڈ نے 56رنز کی اننگز کھیلی۔السٹر کک نے ایک سرا سنبھالے رکھا اور اپنی ڈبل سنچری مکمل کی، جو ٹسٹ کرکٹ میں اْن کی پانچویں ڈبل سنچری ہے۔اس ریکارڈ ساز اننگز کے ذریعہ کک نے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کو شیو ناراپن چندراپالا اور سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں کک اب چھٹے مقام پر فائز ہوگئے ہیں جبکہ ان سے آگے کمارا سنگا کارا،راہول ڈراویڈ،جیک کالیس،رکی پونٹنگ اور ہندوستانی ماسٹر سچن تنڈولکر ہیں۔کک اس وقت 11956 رنز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ 5 ویں نمبر پر سنگا کارا 12400 رنز کے ساتھ موجود ہیں جبکہ پہلے مقام پر موجود سچن کے نام 15921 رنز درج ہیں۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور سابق کپتان کک نے ایشز سیریز کے چوتھے ٹسٹ میں سنچری اسکور کرکے 10اننگز کے بعد 50 یا اس سے زائد رنز بنائے۔ آخری مرتبہ انہوں نے50 سے زائد رنز ویسٹ انڈیز کے خلاف 243 رنز کی اننگز کھیل کر بنائے تھے۔کک نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی32 ویں سنچری 5 ویں ڈبل سنچری کی شکل میں مکمل کی ہے ۔ دلچسپ بات یہ کہ انہوں نے ایشز کی تمام سنچریاں آسٹریلیا میں اسکور کی جبکہ اپنے میدانوں پر روایتی سیریز میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 96 رنز رہا ہے۔کک آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو وا کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ ٹسٹ سنچریاں بنانے والے دنیا کے10ویں بیٹسمین بن گئے۔کک اوپنر کے طور بھی سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں سابق بیٹسمین میتھیو ہیڈن کے ریکارڈ میں شریک ہو گئے ہیں۔بطور اوپنر دونوں نے30-30سنچریاں بنائیں جبکہ ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر 33سنچریوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔انگلینڈ کو آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور 327رنز164رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ اْس کی ایک وکٹ باقی ہے۔آسٹریلیا کی طرف سے لایون، ہیزل ووڈ اور کومنز نے فی کس تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔مقابلے کے تیسرے دن ہی انگلش ٹیم نے مستحکم موقف اختیار کرلیا ہے لہذا جیوروٹ کی نظریں اب کامیابی پر مرکوز ہوںگی۔