کک کا آہنی عزائم کا اظہار، قیادت چھوڑنے سے انکار

لارڈس۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک نے بڑھتی ہوئی تنقید کے باوجود قیادت چھوڑنے سے انکار کردیا ہے اور کہا کہ میرا عزم آہنی ہے۔ ٹیم کی قیادت جاری رکھوں گا۔ یقین ہے کہ ٹیم واپسی کرے گی۔ لارڈس ٹسٹ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ہمت نہیں ہاری ہے، جانتا ہوں کہ بیٹنگ فارم اچھی نہیں ہے، 10 یا 20 رنز زیادہ نہیں ہوتے، لیکن یقین ہے کہ جلد بیٹنگ فارم لوٹ آئے گا۔ ابھی سیریز ختم نہیں ہوئی ہے، تین ٹسٹ میچس باقی ہیں، کوئی بھی شکست ہمارا ارادہ توڑنے کے بجائے مزید پختہ بنادیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہ مسئلہ اعتماد کی کمی کا نہیں دراصل ہم حالات کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔ اب کھلاڑی کارکردگی کے ذریعہ دوبارہ کامیابی کی گر پر آنے اور جیتنے کیلئے بے چین ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ نئے کھلاڑی بہت بہتر کارکردگی پیش کررہے ہیں لیکن تجربہ کار اور سینئر کھلاڑیوں کے مظاہرہ مایوس کن ہیں۔