انگلینڈ کو سیریز میں سری لنکا کے خلاف 2-0 کی سبقت
ہیڈنگلے۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش ٹسٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹرکک دس ہزار رنز بنانے والے سب سے کم عمر بیٹسمین بن گئے ہیں اور انہوں نے اس ریکارڈ کی فہرست میں سچن تنڈولکر کو اس اعزاز سے محروم کردیا۔ ہیڈنگلے میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں جب ایلسٹر کک میدان میں اترے تو انہیں دس ہزار رنز کی تکمیل کیلئے محض 36 رنز درکار تھے۔تاہم انہوں اسکے لئے 3 اننگز کا انتظار کرنا پڑا جو بالآخر دوسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں ختم ہوا اور کک چوتھے دن کے پہلے سیشن میں درکار 5 رنز بنا کر انگلینڈ کیلئے دس ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین کا اعزاز حاصلکر لیا۔ انہوں نے اس اعزاز تک رسائی حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کرکٹر کا ریکارڈ بھی بناتے ہوئے ہندوستانی سابق ماسٹر بلاسٹر سچن کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ یاد رہے کہ سچن نے 31 سال اور 10 ماہ کی عمر میں 10ہزار ٹسٹ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، انہوں نے یہ ریکارڈ 2005 میں پاکستان کے خلاف کولکتہ میں بنایا تھا۔
ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ کی دونوں اننگز میں تنڈولکر نے 52، 52 رنز بنائے تھے۔ایلسٹر کک نے یہ اعزاز 31 سال 146 دن میں بنا کر اپنا نام ریکارڈ بک میں درج کرا لیا۔علاوہ ازیں انگلینڈ کے کپتان نے پہلے ٹسٹ سے اب تک سب سے کم دنوں میں دس ہزار رنز بنانے کا راہول ڈراویڈ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ ہندوستان کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ نے 20 جون 1996 جو پہلا ٹسٹ تھا اور 26 مارچ 2008 کو 11 سال 280 دن بعد 10ہزار مکمل کئے لیکن یکم مارچ 2006 کو ہندوستان کے خلاف اپنے ٹسٹ کریئرکا آغاز کرنے والے کْک نے 19 مئی 2016 کو دس سال 80 دن بعد یہ سنگ میل عبور کر لیا۔کیریئر کا 127واں ٹسٹ کھیلنے والے ایلسٹر کک اب تک 28 سنچریاں اور 48 نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے انگلش کپتان کک کو مذکورہ ریکارڈ بنانے پر مبارک باد دی ہے۔ دریں اثناء انگلینڈ نے سری لنکا کو دوسرے ٹسٹ میں نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ سری لنکا کی طرف سے کامیابی کے کئے دئے جانے والے 79 رنز کا ہدف انگلینڈ نے ٹسٹ کے چوتھے دن ہی حاصل کر لیا۔ چیسٹرلی اسٹریٹ میں کھیلے گئے میچ کے سری لنکا نے فالو آن کے بعد دوسری اننگز 309 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی توپوری ٹیم 475 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور انگلینڈ کو 79 رنز کا ہدف ملا۔ دنیش چندی مل اور رنگانا ہیراتھ نے عمدہ بیٹنگکا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچالیا۔ چندی مل نے 126 رنز بنائے جس میں تیرہ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ہیراتھ نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان الیسٹر کْک نے 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔