لندن۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے اوپنر اور سابق کپتان الیسٹر کک نے انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام ریکارڈ ساز انداز سے کیا۔ انہوں نے اوول ٹسٹ میں اپنی وداعی اننگز میں یادگار سنچری اسکور کی۔ وہ 147 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پہلی اننگز میں کک نے 71 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے 2006 میں ناگپور میں ہندوستان کے خلاف ٹسٹ کرکٹ کے آغاز پر بھی 104 رنز اسکور کیے تھے، اس طرح وہ پہلے اور آخرے ٹسٹ میں سنچری اننگز کھیلنے والے دنیا کے پانچویں بیٹسمین بنے۔ ٹسٹ کرکٹ میں یہ اعزاز پانے والوں میں ریگنالڈ ڈف، ولیم پونسفورڈ، گریگ چیپل (آسٹریلیا) اور محمد اظہرالدین شامل تھے۔ یہ الیسٹر کک کی 33 ویں سنچری تھی، وہ جب 76 رنز پر پہنچے تو روایتی طرز کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پانچواں مقام اپنے نام کرلیا۔ بائیں ہاتھ کے کک نے 161 میچز کی 291 اننگز میں 12472 رنز بنائے۔ انہوں نے سب سے بڑی انفرادی اننگز 294 رنز بھی ہندوستان کیخلاف ہی کھیلی تھی۔ وہ انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ میں15921رنز اسکور کرنے کا عالمی ریکارڈ ہندوستان کے سچن تنڈولکر کے پاس ہے۔ ان کے بعد رکی پونٹنگ (13378)، جیکس کیلس (13289)اور راہول ڈراویڈ (13288) رنز ہیں۔ اب چھٹا نمبر کمار سنگاکارا کے پاس ہے۔ سری لنکن لیجنڈ نے 12400رنز اسکور کیے ہیں۔یادرہے کہ کک نے ہندوستان کے خلاف اپنا آخری ٹسٹ کھیلا ہے۔