کک اورروٹ کی ریکارڈ سنچریاں

لندن۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان الیسٹر کک اپنے شاندار کیریر کی آخری اننگز میں سنچری بناتے ہوئے آخری ٹسٹ کو یادگار بنادیا ہے۔ کک پہلے اور آخری ٹسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پانچویں بیٹسمین ہیں جبکہ پہلے اور آخری ٹسٹ میں نصف سنچری بنانے والے وہ پہلے بیٹسمین ہیں۔ ہندوستان کے خلاف یہاں کھیلے جانے والے پانچویں ٹسٹ کی دوسری اننگز میں میزبان انگلینڈ نے تادمِ تحریر4 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اسے مجموعی طور پر مقابلے میں 361 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔وہاری نے 2 گیندوں میں روٹ اور کک کو آؤٹ کیا ۔ کک نے 286 گیندوں میں 14 چوکوں کی مدد سے 147 رنز جبکہ کپتان جیو روٹ 190 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 125 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 259 رنز کی پارٹنرشپ ہوچکی ہے۔ قبل ازیں معین علی 20 رنز بناکر جڈیجہ کی گیند پر بولڈ ہوئے اور ہندوستان کو لنچ کے وقفہ سے قبل ملنے والی یہ واحد وکٹ رہی۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں رویندر جڈیجہ کی شاندار 86 رنز کی اننگز کی بدولت 292 رنز اسکور کئے تاہم وہ انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کے اسکور 332 رنز کو عبور نہ کرسکا ۔ انگلینڈ کے لئے جیمس اینڈرسن ، بین اسٹوکس اور معین علی نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔