کڑپہ میں حضرت عبد الحق شاہ میر باشاہ صاحب کا عرس شریف

کڑپہ /22 جون (راست) کڑپہ کے قدیم آستانہ شاہ میریہ کے بزرگ حضرت خواجہ سید شاہ عبد الحق عرف شاہ میر باشاہ رحمۃ اللہ علیہ کا عرس شریف 23 جون سے شروع ہوگا۔ 23 جون کو بعد نماز عصر سجادہ نشین حضرت سید شاہ محمد حسینی شہ میری کے مکان سے صندل مبارک جلوس برآمد ہوکر درگاہ شریف پہنچے گا اور بعد ازاں صندل مالی اور چادر گل پیش کی جاکر سلام و فاتحہ اور شجرہ خوانی ہوگی۔ 24 جون کو بعد نماز عصر پھولوں کی چاندنی کا جلوس نکلے گا، جو شہر میں گشت کرتے ہوئے بوقت مغرب درگاہ پہنچے گا اور سلام و فاتحہ اور شجرہ خوانی کے بعد تبرک کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ بعد ازاں ساڑھے نو بجے شب درگاہ کے احاطہ میں ایک نعتیہ غیر طرحی مشاعرہ ہوگا، جس کی صدارت پروفیسر مظفر شہمیری صدر شعبہ اردو حیدرآباد یونیورسٹی کریں گے، جب کہ نظامت کے فرائض تروپتی ایس وی یو کے صدر شعبہ اردو پروفیسر سید عبد الستار ساحر انجام دیں گے۔ مشاعرہ کے کنوینرس سردار ساحل اور انورادھا ہوں گے۔ منتخب بیرونی اور مقامی شعراء ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ عاشقان اولیاء اور ادبی ذوق رکھنے والوں سے شرکت کی گزارش کی گئی ہے۔