کڑپہ /13 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کڑپہ میں انجمن ترقی اردو ضلعی شاخ کڑپہ کے زیر اہتمام بمقام ہندی انگلش میڈیم ہائی اسکول نزد چاند پرا گنبد دفتر انجمن ترقی اردو کا ایک مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت صدر انجمن ترقی اردو کڑپہ جناب سید شاہ مولانا مولوی مصطفی حسین بخاری نے کی اور کہا کہ آندھراپردیش میں ضلع کڑپہ کی اردو تعلیمی حیثیت کا احساس رکھتے ہوئے جناب این چندرا بابو نائیڈو وزیر اعلی آندھراپردیش نے ضلع کڑپہ میں اردو یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کئے ۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ کڑپہ کو ایک اردو کا مرکز سمجھا گیا ۔ انجمن ترقی اردو کڑپہ کی جانب سے اردو یونیورسٹی کے قیام کے اعلان کا استقبال کرتے ہیں ۔ معتمد عمومی سید ہدایت اللہ نے کہا کہ اردو والوں کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ اردو یونیورسٹی کے کام کو پائے تکمیل تک پہونچائیں ۔ اردو طلباء کو یونیورسٹی سے مستفید ہونے کا موقع پہونچائیں ۔ مسٹر وی ایس امیر بابو صدر ریاستی میناریٹی سیل ، تلگودیشم پارٹی و سینئیر رکن انجمن ترقی اردو کڑپہ نے کہا کہ اردو یونیورسٹی کیلئے کم از کم 500 ایکڑ اراضی زمین کی ضرورت ہوگی ۔ ضلع کڑپہ کے مواضعات میں ہی اردو یونیورسٹی قائم کی جائے ۔ اس اجلاس میں عاملہ کے اراکین اشرف علی خان ، جیلانی باشاہ ، سید شکیل احمد شکیل، اے کے خان ، محمد ارشاد ، محمد ایوب ۔ یونس طیب و سید رحمت اللہ، کلام وغیرہ شریک رہے ۔