کچن کی دیکھ بھال کیسے کی جائے

٭ کچن کے فرش پر پلاسٹک لگوانے اور اس کے بل وغیرہ نکالنے کیلئے پہلے فرش پر گرم پانی میں کپڑا بھگو کر پلاسٹک پر پھیرلیں۔ اب پلاسٹک فرش سے بالکل چپک جائے گا اور کوئی بل بھی نہیں آئے گا۔
٭کچن کے درازوں میں ہمیشہ کاغذ کی جگہ پلاسٹک لگوائیں کیونکہ کاغذ کے نیچے ٹڈیاں وغیرہ پیدا ہوجاتی ہیں جس کا احساس بعد میں ہوتا ہے۔
٭ درازوں پر اگر خاکی کاغذ لگانا چاہیں تو پہلے ان درازوں پر بورک ایسڈ چھڑک لیں‘ یوں آپ ٹڈیوں کا سدباب کرلیں گی۔
٭ اگر آپ چاہیں کہ صبح برتن جلد دھل جائیں تو رات کو ان برتنوں پر تھوڑا سا واشنگ پاؤڈر چھڑک دیں۔ یوں ان پر جمی ہوئی چکنائی باآسانی دھل جائے گی۔
٭ کچن کے درازوں اور دروازوں کے قبضوں سے زنگ چھڑوانے کیلئے ان پر مٹی کا تیل لگا کر رگڑیں۔ پھر کسی کپڑے سے پونچھ ڈالیں۔

٭کچن کی کھڑکیوں کے شیشوں سے پوٹین کے داغوں کو دور کرنے کیلئے داغوں پر سرکہ رگڑیں پھر کسی اونی کپڑے سے صاف کرلیں۔
٭بوتلوں سے گندگی دور کرنے کیلئے سرکہ اور نمک بوتلوں میں ڈال کر ہلائیں۔ آسانی سے گندگی دور ہوجائے گی۔
٭شیشے کے برتنوں میں چمک لانے کیلئے ان کو جب بھی دھوئیں تو بعد میں صاف پانی سے کھنگالتے وقت پانی میں سرکہ ملالیں۔ برتن چمک اٹھتے ہیں۔
٭ شیشے کے گلاسوں کو جڑنے سے بچانے کیلئے ان کے درمیان کاغذ رکھ دیا کریں گلاس جڑنے سے محفوظ رہیں گے۔
٭ کچن میں استعمال ہونے والے چاقو چھری کبھی پانی میں مت ڈبوئیں اس سے ان کی دھار متاثر ہوجاتی ہے بلکہ ان کو گیلے کپڑے سے پونچھ لیا کریں۔
٭کچن میں چیونٹیوں کو جمع ہونے سے بچانے کیلئے اسی جگہ تھوڑا سا آٹا چھڑکا دیا کریں چیونٹیاں غائب ہوجائیں گی۔