حیدرآباد 20 جنوری ( سیاست نیوز ) کپڑوں سے لدی لاری کو لوٹنے کے واقعہ میں ملوث 5 افراد بشمول دو لاری ڈرائیوروں کو بہادر پورہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سی اے آر ہیڈ کواٹر مسٹر ایم شیو پرساد جو ساوتھ زون کی زائد ذمہ داری سنبھال رہے ہیں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 جنوری کی شب چندرائن گٹہ کے ساکن سید غوث (لاری ڈرائیور)اپنے چار ساتھیوں اسمعیل نگر بنڈلہ گوڑہ ،محمد صابر ، بیدر کرناٹک کے متوطن محمد حبیب جہانگیر آباد نوری نگر کے سید خلیل اور غازی بنڈہ کے محمد عبدالمعین کی مدد سے میر عالم ٹینک بہادر پورہ کے قریب لاکھوں روپئے مالیتی کپڑوں سے لدی لاری کو لوٹ لیا
اور اس لاری کے ڈرائیور ملپا اور کلینر بی رپا کے ہاتھ پیر باندھ کر تکو گوڑہ سری سیلم روڈ کے قریب پھینک دیا۔ مذکورہ ملزمین نے لاری سے کپڑے نکال لئے اور بالا پور تالاب کے قریب آپس میں تقسیم کرلئے ۔ مسٹر شیو پرساد اس واقعہ میں سید توفیق محمد غوث اور سید عامر حسین بھی ملوث ہیں اور وہ پولیس کے چنگل سے ہنوز باہر ہیں۔پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 28 لاکھ 50 ہزار روپئے مالیتی مسروقہ لاری اور کپڑوں کو برآمد کرلیا۔