نئی دہلی ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسکام میں ملوث سریش کلمڈی کو آج کانگریس نے ٹکٹ سے محروم کرتے ہوئے نوجوان لیڈر وشواجیت کڈم کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ پارٹی نے آج لوک سبھا انتخابات کیلئے 58 امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کی جن میں کئی مرکزی وزراء اور سینئر قائدین کے نام شامل ہیں۔ سابق ہندوستانی ٹیم کپتان محمد اظہرالدین کو جو اترپردیش میں مراد آباد کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ہیں،
راجستھان میں ٹونک سوامادھوپور منتقل کردیا گیا۔ یہ حلقہ غالب اقلیتی آبادی کا حامل ہے۔ سابق چیف منسٹر چھتیس گڑھ اجیت جوگی کو مہاسا مونتھ اور کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کے داماد پرنجیا دتیہ سنہ پرمار کو گجرات میں پنچ محل لوک سبھا نشست سے امیدوار نامزد کیا ہے۔ نریندر مودی کے خلاف وارانسی میں کانگریس امیدوار کے تعلق سے تجسس ابھی برقرار ہے اور پارٹی جنرل سکریٹری مدھو سدن مستری نے حیرت انگیز اعلان کا اشارہ دیا ہے۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجے والا نے بتایا کہ نریندر مودی کے خلاف ایک مضبوط امیدوار کو نامزد کیا جائے گا ۔ دہلی کے پانچ وزراء بشمول مرکزی وزیر کپل سبل اور کانگریس جنرل سکریٹری اجئے میکن کو بھی پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ آج کی فہرست کے ساتھ کانگریس نے جملہ 318 امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔