کپل دیو کی جانب سے آپ میں شمولیت کی تردید

میرپور ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو پہلی مرتبہ عالمی چمپیئن بنانے والے سابق کپتان کپل دیو نے آج ان پیش قیاسیوں کو مسترد کردیا جس میں کہا جارہا تھا کہ وہ اروند کجریوال کی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی (آپ) میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ آپ کے سیاسی لیڈروں کی مہم میں شرکت کرسکے۔ میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کپل دیو نے کہا کہ مجھے پہلے یہ واضح کردینے دیجئے کہ میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کررہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہاکہ وہ ان پیش قیاسیوں کو بھی مسترد کرتے ہیں جیسا کہ چند ویب سائیٹس نے ان کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت کی خبر دی ہے جبکہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان کے متعلق بھی ایسی ہی پیش قیاسیاں کی گئی تھی اور میں نے سنا ہیکہ بالی ووڈ اسٹار نے بھی ان خبروں کی تردید کردی ہے۔ مستقبل میں سیاست میں داخلہ کے متعلق استفسار پر کپل دیو نے کہا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا ارادہ نہیں ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ایک بہتر شہری کے طور پر ان کا فرض ہیکہ وہ بہتر سیاسی شخصیت کی حمایت کرنا ہے بھلے ہی اس کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو۔