کپتان کی تبدیلی سے مسائل حل نہیں ہوں گے:مصباح

کراچی ۔2 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ قیادت کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ پاکستان کرکٹ کے مسائل اس سے کہیں زیادہ سنگین ہیں،اظہرعلی یا سرفراز احمد میں سے کسی کو بھی کپتان مقرر کر دیں،جب تک مشکلات کا خاتمہ نہیں کیا جاتا ہر آنے والاکپتان پریشانی سے ہی دوچار رہے گا،ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کر کے صلاحیت کی نشونما کرنی ہو گی اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی انگلینڈ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں اچھا کھیل پیش کریں تو انہیں وہاں کھیلنے کا تجربہ فراہم کرنا ہوگا۔ پی ایس ایل کے بعد کھیل میں بہتری کی توقع نہ کی جائے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران مصباح الحق نے واضح کیا کہ پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں زیادہ بہتر کھیل پیش کرنا چاہئے تھا لیکن اگر پاکستانی کھلاڑی ایسا نہیں کر سکے تو اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ انہیں برا ہی سمجھ لیا جائے۔ انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اظہرعلی یا سرفراز احمد میں سے کسی کو بھی کپتان بنادیں لیکن جب تک مسائل کا خاتمہ نہیں کیا جائے گا ہرآنے والاکپتان پریشانی کا شکار رہے گا اور اسی وجہ سے ان کا یہ خیال ہے کہ محض کپتان کی تبدیلی سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر بنا کر صلاحیت کی نشونما کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر اس بات کی خواہش کی جاتی ہے کہ پاکستانی کھلاڑی انگلینڈ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں تو سب سے پہلے انہیں وہاں کھیلنے کا تجربہ فراہم کرنا ہوگا۔ ایشیائی ماحول میں کھیلنے والے کسی بھی کھلاڑی کو چھ سال کے بعد اچانک آسٹریلیا بھیج دیا جائے تو اسے مشکلات کا لازمی سامنا کرنا ہوگا اور اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔