کپتان اور دھونی کا مشورہ مددگار:کلدیپ

ڈربن۔2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے چائنامین بولر کلدیپ یادو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں سب سے زیادہ کامیاب رہے لیکن انہوں نے اس کا سہرا کپتان ویراٹ کوہلی اور تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے مشورہ کو دیا ہے ۔بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ نے پہلے میچ میں تین اہم وکٹ لئے اور سب سے زیادہ کامیاب بولر رہے ۔ ہندستان نے یہ میچ چھ وکٹ سے جیت کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ کلدیپ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اپنی کامیابی کے لئے تجربہ کار کھلاڑیوں دھونی اور کوہلی کو سہرا دیا۔انہوں نے کہا کہ سابق کپتان کے مشورہ سے انہیں صحیح فیصلے لینے میں مدد ملتی ہے ۔کلدیپ نے کہا کہ میں میچ میں تیز ہوا کی وجہ سمجھ نہیں پا رہا تھا کہ کس طرح کی گیند ڈالنی چاہیے لیکن پھر ماہی بھائی سے میں نے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میں اپنی فطری بولنگ کروں۔ وہ وکٹ کے پیچھے کھڑے رہ کر ہمیں اپنی صلاح دیتے رہتے ہیں جس سے ہمارا کام بہت آسان ہو جاتا ہے ۔چائنامین بولر نے اپنے10 اوور میں 34 رن دے کر تین وکٹ کی بہترین بولنگ کی اور جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی، ڈیوڈ ملر اور کرس مورس کے اہم وکٹ لیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں دو بڑے کھلاڑی ہیں اور دونوں ہی ہمیں مشورہ دیتے ہیں اور ٹیم کی بخوبی قیادت کر رہے ہیں۔ماہی بھائی کے مشورہ سے تو میرا 50 فیصد کام آسان ہو جاتا ہے کیونکہ وہ بہت تجربہ کار ہیں۔انہیں بیٹسمینوں کی اچھی سمجھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اب نئے اور کم تجربہ رکھتے ہیں۔ایسے میں دھونی ہمیں مسلسل ہر حال کے بارے میں بتاتے رہتے ہیں وہیں کپتان کوہلی ہم پر بہت انحصار کرتے ہیں اور اس سے بھی ہمارا حوصلہ بڑھتا ہے ۔ان کا زور ہمیشہ وکٹ نکالنے پر رہتا ہے اور جب خود کپتان آپ کے ساتھ ہو تو آپ بھی کھل کر کھیل سکتے ہیں۔