٭ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 282رنز پر آل آؤٹ
٭ سری لنکا کو 150رنز کی سبقت ‘10وکٹیں ہنوز محفوظ
کولمبو۔26جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہاشم آملہ نے جنوبی افریقی ٹیم کے بحیثیت کپتان اپنے کریئر کی پہلی سنچری اسکور کرلی ہے لیکن ان کی سنچری کے باوجود یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ میں سری لنکا کے خلاف ان کی ٹیم کیلئے حالات مشکل دکھائی دے رہے ہیں جیسا کہ دوسرے دن کھیل کے اختتام تک سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 11رنز اسکور کرلئے ہے اور اسے مقابلہ میں 150رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے ۔ جب کہ 10وکٹیں مکمل محفوظ ہیں ۔ قبل ازیں آملہ نے سری لنکا میں بحیثیت جنوبی افریقہ کپتان کی پہلی سنچری اسکور کرنے کا بھی اعزاز کرلیا ہے ‘
تاہم انہیں دوسرے سرے سے بہتر تعاون نہ مل سکا اور ساری ٹیم 282رنز پر ڈھیر ہوگئی جس میں ہاشم آملہ کے ناقابل تسخیر 139رنز شامل ہیں ۔ ناقابل تسخیر شاندار اننگز میں آملہ نے 382گیندوں میں 12چوکوں کی مدد سے یہ رنز اسکور کئے ۔ علاوہ ازیں اے بی ڈی ویلئرس کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلئے 79رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین ڈی ویلئرس نے 99گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 37رنز اسکور کئے ۔ سری لنکا نے آج صبح ڈی ویلئرس کی وکٹ حاصل کرنے کے فوری بعد وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈیکاک(0) کی وکٹ بھی حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو شدید نقصان پہنچایا ۔ جے پی ڈوبمینی (3) اور ورنان فیلنڈر (9) کے جلد آوٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کو ایک موقع پر فالوآن کا خطرہ تھا لیکن کپتان آملہ اور فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے درمیان آٹھویں وکٹ کیلئے بننے والے 47رنز نے اسے شرمناک صورتحال سے محفوظ رکھا ۔
علاوہ ازیں نویں وکٹ کیلئے آملہ اور عمران طاہر کے درمیان 28رنز کی پارٹنرشپ رہی ۔ اسٹین نے 71گیندوںمیں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 30رنز اسکور کئے جب کہ عمران طاہر 32رنز کا سامنا کرتے ہوئے دو چوکوں کی مدد سے 15رنز اسکور کئے ۔ سری لنکا کیلئے دلروبن پریرا69رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اسپنر رنگنا ہیراتھ نے 71رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ فاسٹ بولر سرنگا لکمل 54رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے ۔ کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ اسپنرس کیلئے سازگار ہوچکی ہے جہاں بیٹنگ مشکل دکھائی دے رہی ہے جیسا کہ خود آملہ کو 93رنز کے اسکور پر اُس وقت ایک موقع ملا جب شارٹ پاؤر پر کسل سلوا نے ان کا کیچ چھوڑا ۔ آملہ نے ہیراتھ کی گیند پر ایک رن لیتے ہوئے اپنے کریئر کی 22ویں ٹسٹ سنچری مکمل کرلی ۔ یاد رہے کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 421رنز اسکور کئے ۔