کپاس کے غیر معیاری بیچ کی فروخت ، دو گرفتار

حیدرآباد۔/10 مئی، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نے محکمہ زراعت کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر مجاز کپاس کے بیج کی فروخت میں ملوث دو افراد بشمول ایک آٹو ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ اومکار سیڈس ٹیک پرائیویٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر آر رجنی کانت HT کپاس کے بیج غیر مجاز طور پر فروخت کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رجنی کانت گجرات کے شہر گاندھی نگر سے بذریعہ ریلوے کارگو غیر مجازطور پر کپاس کے بیج حاصل کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ ریاست کے کاشتکاروں کو فروخت کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خریف سیزن 2019 کیلئے اس نے گجرات کے بھارت پٹیل سے رابطہ قائم کیا اور غیر مجاز طور پر کپاس کے بیج تلنگانہ منتقل کرتے ہوئے انہیں ضلع یادادری کے بالم پلی ولیج میں رکھا تھا اور خواہشمند گاہکوں کو وہ آٹو کے ذریعہ لوڈ روانہ کیا کرتا تھا۔ غیر مجاز کاروبار کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے محکمہ زراعت کے عہدیداروں کے ساتھ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر رجنی کانت اور آٹو ٹرالی پی مہیش کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 50 تھیلے کپاس کے بیج جن کی مالیت 32 لاکھ 52 ہزار بتائی جاتی ہے ضبط کرلیا۔