کٹک میں دو سال انٹرنیشنل میچ نہ کرائیں : گواسکر

نئی دہلی ، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے دوران گزشتہ روز بُری طرح ہار پر تماشائی شدید غصے میں آگئے اور کٹک کے بارہ بتی اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم پر بوتلوں کی بارش کر دی۔ تماشائیوں کی اس ہلڑبازی نے سابق کپتان سنیل گواسکر کو بھی غصہ دلا دیا اور انہوں نے شدید ردعمل میں کہا کہ کٹک میں انٹرنیشنل میچوں پر دو سالہ پابندی لگا دی جائے۔ میڈیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبانوں کی شکست پر تماشائی بپھرگئے تو سابق کپتان گواسکر بھی غصے میں آ گئے۔ مہمانوں پر مشتعل تماشائیوں نے بوتلیں پھینکیں اور ہراساں کرنے کی پوری کوشش کی، جس کا نوٹس لیتے ہوئے لیجنڈ گواسکر نے سخت رد عمل ظاہر کیا۔ انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کٹک میں پیش آئے واقعے پر ہندوستان کی بدنامی ہوئی ، اس لئے وہاں (بارہ بتی اسٹیڈیم) انٹرنیشنل میچ منعقد نہیں کرنا چاہئے۔