سڈنی۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی آل راؤنڈر بین کٹنگ ورلڈ الیون کا حصہ بننے پر خوش ہیں اور لاہور آنے کو بے تاب بھی ہیں۔اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کے حالات بہتر ہیں، پی ایس ایل کا فائنل بڑے خوشگوار انداز میں مکمل ہوا۔ فاسٹ بولر آل راؤنڈر نے ورلڈ الیون میں شمولیت کو ایک منفرد تجربہ قرار دیا اور امید ظاہر کی ہے کہ ورلڈ الیون کی سیریز کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلتے چلے جائیں گے۔ ورلڈ الیون میں بین کٹنگ کے ہمراہ جارج بیلی اور ٹم پین بھی شامل ہیں جنکا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔
راجستھان کرکٹ ٹیم کو رانجی ٹرافی میں شرکت کی اجازت
جے پور۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے فیصلہ سنایا کہ ریاستی کھلاڑی بی سی سی آئی کے ڈومیسٹک ٹورنمنٹ میں کھیل سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ للت مودی کو دوبارہ چیئرمین منتخب کرنے پر بی سی سی آئی نے راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن پر پابندی عائد کردی تھی لیکن عدالت کے فیصلے کے بعد اب یہ پابندی ختم کردی گئی ہے۔