کویت کی نئی ویزا پالیسی چھ ملکوں پر پابندی برقرار

کویت سٹی ، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کویت کی وزارت داخلہ نے پاکستان ، ایران اور افغانستان سمیت چھ ملکوں کے حوالے سے اپنی سابقہ ویزا پالیسی برقرار رکھتے ہوئے ان چھ ملکوں کے شہریوں کیلئے ویزا جاری کرنے اور ان کے کویت میں داخل ہونے پر تحدیدات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان چھ ممالک میں عراق، یمن اور شام بھی شامل رہے ہیں۔ وزارت داخلہ نے اپنی نئی ویزا پالیسی سے دنیا بھر میں موجود اپنے سفارتخانوں اور قونصل خانوں کو آگاہ کیا ہے کہ انھیں یہ اجازت ہو گی کہ وہ ہر قسم کے ویزٹ ویزے ان چھ ملکوں کے استثناء کے ساتھ جاری کر سکیں جن پر اس سے پہلے ہی بوجوہ پابندی عاید کر دی گئی تھیں۔ ان ممالک کے علاوہ قواعد کے مطابق شرائط پوری کرنے والے ہر ملک کے شہریوں کو ویزا جاری کیا جا سکتا ہے۔

صدر عراق روبہ صحت ،تصاویر جاری
اربیل (عراق) ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عراقی میڈیا نے صدر جلال طالبانی کی نئی اور تازہ تصاویر جاری کی ہیں جن میں انہیں روبہ صحت ہوتے دکھایا گیا ہے۔ جلال طالبانی ڈسمبر 2012ء میں قلب پر حملہ کے بعد سے جرمنی میں زیرعلاج ہیں۔ ان نئی تصاویر میں جو برلن میں لی گئی ہیں ، صدر عراق کو چائے پیتے دکھایا گیا ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ ان کی صحت میں کافی بہتری آئی ہے اور وہ ملک واپسی کے خواہاں ہیں۔