دبئی، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کویت کی وزارت داخلہ نے پولیس حکام کیلئے نیا ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے انہیں پیشگی اجازت کے بغیر داڑھی رکھنے سے منع کر دیا ہے۔ کویتی معتمد داخلہ سلیمان الفہد نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو داڑھی رکھنے سے منع کرنے کا مقصد پولیس کی ہیبت اور خوف برقرار رکھنا ہے۔ داڑھی رکھنے پر پابندی کے ساتھ ساتھ عجیب وغریب اسٹائل میں بالوں کی کٹنگ، ’جل‘ اور کریموں وغیرہ کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ سکریٹری داخلہ کے مطابق پولیس کیلئے نیا ضابطہ اخلاق اہلکاروں کی جانب سے اپنے فوجی گٹ اپ اختیار کرنے میں لاپرواہی برتنے پر کیا گیا ہے۔ حال میں معلوم ہوا تھا کہ پولیس اہلکار یونیفارم سے ملتے جلتے کپڑے پہن کر ڈیوٹی کرتے ہیں۔ نیز وہ اپنے چہرے کی صفائی اور دیگر امور میں بھی لاپرواہی کرتے پائے گئے ہیں۔
یوم جمہوریہ کا خلیج میں اہتمام
دوبئی۔ 23 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے 65 ویں یوم جمہوریہ کا جشن منانے کیلئے سارے خلیج میں ہندوستانیوں کیلئے متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے جن میں خون کے عطیہ کی مہمات سے لے کر ادبی اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد شامل ہے ۔ یہاں ہندوستان کا قونصل خانہ اس موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کررہا ہے تاکہ برادری کے نوجوانوں کو خون کا عطیہ دینے کا حوصلہ مل سکے ۔ ابوظہبی میں ہندوستانی ایمبیسی ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی شام کے ایونٹ کااہتمام کررہی ہے ۔