کویت 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کویت میں گزشتہ ہفتہ رونما ہوئے خودکش بم دھماکے کی گونج کویتی پارلیمنٹ میں بھی سنائی دے رہی ہے جہاں شدید ردعمل ظاہر کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ دھماکے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پارلیمنٹ میں ایک نئے قانون کو کل منظوری دی گئی ہے جس کے تحت ملک کے تمام شہریوں اور بیرون ملک سے آکر رہائش اختیار کرنے والوں کے لئے ڈی این اے ٹسٹ کا لزوم ہوگا۔ اس قانون کے ذریعہ فوجداری معاملات سکیوریٹی ایجنسیوں کو عاجلانہ گرفتاریوں میں آسانی پیدا ہوجائے گی۔ اب تمام شہریوں جن کی تعداد 1.3 بلین ہے اور بیرون ملک شہریوں کا ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا۔ قانون کے مطابق ایسا کوئی بھی شہری جو ٹسٹ کے لئے خون کا نمونہ نہیں دے گا اُسے ایک سال کی سزائے قید بھگتنا پڑے گی اور ساتھ ہی ساتھ 33,000 ڈالرس کا جرمانہ بھی اُن پر عائد کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ نے اس سلسلہ میں وزارت داخلہ کو درکار مصارف کے لئے 400 ملین ڈالرس کی ہنگامی فنڈنگ بھی منظور کی ہے۔ دریں اثناء آزاد ایم پی جمال القمر نے بتایا کہ ڈی این اے ٹسٹ کو لازمی قرار دینے کے قانون کو منظوری مل گئی ہے جس کے لئے زائد فنڈس بھی مختص کئے گئے ہیں۔ ہم ملک کی سلامتی کے لئے ضرورت پڑنے پر کچھ بھی کرسکتے ہیں۔