3 ملزمین گرفتار ، 13000 دینا کے سرقہ اور قتل پر پولیس کارروائی
دبئی ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کویت میں اپنی نوعیت کے شاذونادر ہی پیش آنے والے ڈکیتی کے ایک واقعہ میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈکیتی کے اس واقعہ میں 3 ملزمین نے 2 ہندوستانی گارڈس کو ہلاک کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 13000 دینار (46,238 کا امریکی ڈالر) لیکر فرار ہوگئے تھے۔ ان حملوں آوروں نے جن میں دو بدون (کویت میں مقیم بے وطن افراد) اور ایک شامی شخص شامل تھا جنہوں نے 25 اپریل کو سوپر مارکٹ سے رقم حاصل کرنے کے بعد بینک میں جمع کرنے کیلئے سیکوریٹی ویان کی طرف جانے والے محمد رشید جمال الیلی اور شرنگادھرن ساکنان کیرالا پر حملہ کردیا تھا اور ان کے قبضہ سے رقم چھین لی تھی۔ یہ نقاب پوش افراد سیاہ لباس میں ملبوس تھے اور دونوں ہندوستانیوں پر قریبی فاصلہ سے فائرنگ کرنے کے بعد 13000 دینار لیکر فرار ہوگئے تھے۔ سیکوریٹی اسٹاف سے وابستہ ان دونوں ہندوستانیوں کے قتل میں دو افراد ملوث تھے جبکہ تیسرا ان کی ٹولی کا رکن تھا۔ اس نے ایک ملزم کے حصہ میں آنے والی مسروقہ رقم کو اپنے پاس محفوظ رکھا تھا۔ کویت میں آئے دن مسلح ڈکیتی اور حملوں کے واقعات عام ہیں لیکن رقم کیلئے قتل کا یہ ایسا واقعہ ہے جو شاذونادر ہی پیش آتا ہے۔