دوبئی 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کویت میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کویت میں قانونی طور پر رہائش پذیر ہندوستانی شہریوں کی تعداد زائد از آٹھ لاکھ ہے جو اس عرب ملک میں کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی تعداد میں سب سے زیادہ ہے ۔ علاوہ ازیں ایسے ہندوستانی شہریوں کی تعداد 25000 بتائی گئی ہے جو اپنے ویزے کی میعاد سے زائد یہاں پر غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ یہ اعداد و شمار ہندوستانی سفارت خانے کو کویتی حکام کی جانب سے موصول ہوئے ہیں۔ کویت میں ہندوستانی نرسوں کی طلب اب بھی بہت زیادہ ہے اور اگر یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو ہندوستانی تارکین وطن کی تعداد دس لاکھ تک پہنچ سکتی ہے کیونکہ سالانہ طور پر کویت میں ہندوستانی شہریوں کی تعداد میں 5,6 فیصد اضافہ ہوتا رہتا ہے۔
آٹھ لاکھ ہندوستانی شہریوں کے منجملہ 2.8 لاکھ شہری ڈرائیور ‘مالی ‘کلینرس ‘باورچی اور دیگر چھوٹے موٹے کام کرنے والے گھریلو نوکر ہیںجن میں 1.9 لاکھ ورکرس مرد اور 90,000 خاتون ورکرس ہیں ۔ سفارت خانے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2014 سے گھریلو نوکرانیوں کیلئے 2500 امریکی ڈالرس کی گیارنٹی رقم کے اطلاق کے قانون کے بعد ہندوستانی گھریلو نوکرانیوں کی تعداد میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ ان اعداد و شمار میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہندوستانیوں کی اکثریت خانگی سیکٹرس جیسے تعمیری مزدور ‘ٹیکنیشنس‘ انجینئرس‘ ڈاکٹرس ‘چارٹرڈ اکوانٹنٹس اور آ:ی ٹی شعبہ میں برسرکار ہیں جبکہ اپنے شوہروں والی یا بیوی پر انحصار کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ بتائی گئی ہے جن میں بیویاں اور بچے بھی شامل ہیں اور ان بچوں میں 42000 بچے ایسے ہیں جو ملک کی 20ہندوستانی اسکولوس میں زیر تعلیم ہیں ۔ کویت میں ہندوستانی بچوں کیلئے یونیورسٹی سطح کی تعلیم کا کوئی نظم نہیں ہے جبکہ ایسے ہندوستانی شہریوں کی تعداد 24000 بتائی گئی ہے جو حکومت کویت سے ملحقہ سرکاری اداروں جیسے نیشنل آئیل کمپنیز میں بطور نرس‘ انجینئرس اور سائنسداں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔