کویتی کابینہ کا استعفا ،پارلیمانی الیکشن کے بعد دستوری اقدام

کویت سٹی ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کویتی کابینہ نے وسط مدتی پارلیمانی چناؤ کے پیش نظر آج اپنا استعفا تیل کی دولت سے مالامال خلیجی مملکت کے امیر کو پیش کردیا۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات کہی گئی۔ یہ اقدام دستور امارت کی مطابقت میں ہے، جو چناؤ کے بعد کابینہ کی سبکدوشی کا متقاضی ہے۔ استعفا قبول کرنے کے بعد امیر شیخ صباح الاحمد الصباح سبکدوش ہونے والے وزیراعظم شیخ جابر مبارک الصباح کو دوبارہ مقرر کریں گے، یا حکمران خاندان کے کسی دیگر سینئر ممبر کو نامزد کریں گے کہ کابینہ تشکیل دیں۔ نئی کابینہ کی تشکیل آئندہ دو ہفتوں کے اندرون پارلیمنٹ کے پہلے سیشن کے انعقاد سے قبل ہوجانا ضروری ہے۔ ہفتہ کو منعقدہ الیکشن کے نتیجہ میں اسلام پسندوں کے غلبہ والی اپوزیشن نے 50 نشستی پارلیمنٹ میں لگ بھگ نصف جیت لئے۔ اس نے اپنا چار سالہ بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے چناؤ میں حصہ لیا تھا۔ پارلیمانی نشستیں جیتنے والے لگ بھگ نصف اپوزیشن امیدواروں کا تعلق اخوان المسلمین سے مربوط گروپ سے وابستہ اسلام پسندوں اور سلفیوں سے ہے۔