کویتی اعلیٰ سطحی عہدیدار کے پرس کا سرقہ ،پاکستانی عہدیدار معطل

اسلام آباد ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ویڈیو جس میں ایک سینئر پاکستانی اعلیٰ سطحی عہدیدار کو دورہ پر آئے ایک اعلیٰ سطحی کویتی عہدیدار کے پرس کا سرقہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو کچھ ہی دیر میں وائرل ہوگیا جس کے بعد پاکستانی حکام کے پاس مذکورہ پاکستانی عہدیدار کو معطل کردینے کے سوائے کوئی اور چارہ نہیں تھا۔ کویت کے اعلیٰ سطحی عہدیدار ایک اعلیٰ سطحی وفد کا حصہ تھے جو پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات پر بات چیت کیلئے آیا تھا۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سرویس سے تعلق رکھنے والے وزارت صنعت اور پروڈکشن کے جوائنٹ سکریٹری اور BS-20 آفیسر ضرار حیدر خان کو سی سی ٹی وی کیمرے کی آنکھ نے اس وقت قید کرلیا جب انہوں نے کویتی آفیسر کے پرس کو اپنی جیب میں رکھ لیا جس میں کویتی دینار کی شکل میں خطیر رقم موجود تھی۔ صرف چھ سیکنڈ کی ویڈیو میں حیدرخان کو مذکورہ پرس کو میز سے اس وقت اٹھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب دفتر معاشی امور میں منعقدہ اجلاس کے بعد کویتی وفد کے ارکان وہاں سے جاچکے تھے۔ حیدر خان نے پرس کو اپنی جیب میں رکھ لیا تھا۔ انہیں ڈسپلنری بنیاد پر خدمات سے معطل کیا گیا ہے تاہم اب تک اس معاملہ میں پولیس میں کوئی شکایت درج نہیںکی گئی ہے۔