کویتا کو نظام آباد میں بی جے پی سے سخت مقابلہ کا امکان

ڈی سرینواس کے فرزند امکانی امیدوار، کویتا کی نظریں جگتیال اسمبلی حلقہ پر
حیدرآباد ۔ 14 ۔جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر کی دختر کویتا کے لئے نظام آباد لوک سبھا حلقہ 2019 ء میں بی جے پی سے سخت مقابلہ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس کے فرزند ڈی اروند بی جے پی سے امیدوار ہوسکتے ہیں اور کویتا کیلئے یہ نشست وقار کا مسئلہ بن جائے گی ۔ ضلع نظام آباد میں تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال نے کویتا کو اپنے حلقہ انتخاب میں زیادہ وقت دینے کیلئے مجبور کردیا ہے۔ ترقیاتی پروگراموں اور دیگر سرگرمیوں کے نام پر کویتا اپنے حلقہ انتخاب میں عوام کے درمیان دکھائی دے رہی ہے۔ اگرچہ عام انتخابات کو ابھی 10 ماہ باقی ہے ، لیکن بی جے پی سے ڈی سرینواس کے فرزند کی امیدواری کی اطلاعات نے سیاسی ماحول کو گرمایا دیا ہے۔ گزشتہ تین ماہ سے کویتا زیادہ تر وقت نظام آباد لوک سبھا حلقہ میں گزار رہی ہیں اور وہ دیہی سطح کے قائدین اور کارکنوں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ موجودہ صورتحال رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس کیلئے الجھن کا باعث بن چکی ہے۔ کانگریس سے ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد انہیں راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا گیا لیکن ان کے فرزند ڈی اروند حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں اور وہ لوک سبھا حلقہ کے مضبوط امیدوار ہے۔ کویتا کے پروگراموں میں ڈی سرینواس کی عدم موجودگی کئی سوال کھڑے کر رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی سرینواس نہیں چاہتے کہ کویتا کے پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے پارٹی کیلئے مسائل میں اضافہ کریں۔ کویتا نے اپنے انتخابی حلقہ کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں دعوت افطار کا اہتمام کرتے ہوئے مسلمانوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے نظام آباد ٹاؤن میں رمضان کی خریداری میں شامل ہوتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ کویتا نے تلنگانہ جاگرتی کی صدر کی حیثیت سے عوامی زندگی کا آغاز کیا ۔ ان کا سسرال نظام آباد کے نوی پیٹ منڈل کے پوتنگل موضع سے تعلق رکھتا ہے۔ 2014 ء میں وہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئی ۔ اس حلقہ کے تحت آنے والے 7 اسمبلی حلقوں میں سے 6 میں ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی۔ نظام آباد لوک سبھا حلقہ کی تبدیل شدہ سیاسی صورتحال کے پس منظر میں ٹی آر ایس حلقوں میں یہ بات زیر گشت ہے کہ کویتا 2019 ء میں لوک سبھا کے بجائے اسمبلی حلقہ جگتیال سے مقابلہ کرے گی۔ ڈی سرینواس کے فرزند ڈی اروند نے عوامی مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا ہے۔ وہ نظام شوگر فیاکٹری کی کشادگی کے مسئلہ پر حکومت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ کسانوں کے مسائل پر وہ دیہی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے تائید حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امیت شاہ کا 22جون کو دورہ حیدرآباد
حیدرآباد 14 جون ( یو این آئی ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ 22جون کو حیدرآبادکادورہ کریں گے ۔ریاست میں پارٹی کو مستحکم بنانے کے سلسلہ میں یہ دورہ کیاجارہا ہے ۔تقریبا ایک سال بعد ان کادورہ ہورہا ہے ۔سمجھاجاتا ہے کہ اپنے دورہ کے موقع پر امیت شاہ پارٹی کے تنظیمی امور پر توجہ مرکوز کریں گے اور پارٹی کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ریاستی قیادت کو اہم مشورے دیں گے ۔