کویتا کرکرے کی آخری رسومات، گردوں اور آنکھوں کا عطیہ

ممبئی ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اے ٹی ایس کے شہید سربراہ ہیمنت کرکے کی اہلیہ جن کا کل ہندوجا ہاسپٹل میں برین ہیمرج کی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا، آج ان کی ورلی میں واقع شمشان میں آخری رسومات انجام دی گئیں۔57 سالہ کویتا کے شوہر ہیمنت کرکرے ممبئی کے کاما ہاسپٹل کے قریب 26/11 دہشت گرد حملوں کے دوران شہید ہوگئے تھے۔ ہفتہ کے روز کویتا حالت غشی میں چلی گئی تھیں اور انہیں مصنوعی عمل تنفس پر رکھا گیا تھا جس کے دوران ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ دریں اثناء ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ آج صبح ہاسپٹل سے کویتا کی نعش ورلی شمشان گھاٹ منتقل کی گئی جہاں ان کے بیٹے آکاش نے اپنی ماں کی آخری رسومات انجام دیں۔ شمشان گھاٹ میں اس وقت مہاراشٹرا ڈی جی پی سنجیو دیال، ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریا، ریٹائرڈ آئی پی ایس افسران، ریاستی پولیس ہیڈکوارٹرس کے دیگر سینئر پولیس افسران، ممبئی پولیس اور اے ٹی ایس کے ارکان کے علاوہ کرکرے کے ارکان خاندان موجود تھے۔ انتقال کے بعد کویتا کی دو بیٹیوں اور بیٹے نے اپنی ماں کے جسم کے اہم اعضاء بطور عطیہ ضرورتمند مریضوں کو دے دیئے۔ کویتا کا ایک گردہ ایک 48 سالہ شخص کو دیا گیا جو گذشتہ 10 سال سے ڈائیلاسس پر تھا جبکہ دوسرا گردہ ایک ایسے مریض کو دیا گیا جو گذشتہ 7 سال سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھا اور نیا گردہ ملنے سے اسے نئی زندگی مل گئی۔ کویتا کرکرے کی آنکھوں کو حاجی بچو علی آئی بینک موقوعہ پریل کو بطور عطیہ دیا گیا۔