نئی دہلی ۔ 2 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے کوہ پیما ستیہ روپ سدھانت گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب ہیں ۔ جنوری 2019 میں وہ ساتوں براعظموں کی سات چوٹیوں اور سات آتش فشاں پہاڑوں پر ترنگا لہرانے والے سب سے کم عمر شخص بن جائیں گے ۔سب سے کم عمر میں سات پہاڑ ی چوٹیوں اور سات آتش فشاں پہاڑوں پر ترنگا لہرانے کی ان کامیابی کو گنیز بک میں لکھا جائے گا۔ غور طلب ہے کہ ستیہ روپ اب تک 7 میں سے 5 آتش فشاں بلندیوں کی کامیابی پوری کر چکے ہیں۔ دنیا کے ساتوں براعظموں میں سات چوٹیوں پر ترنگا لہرانے والے ستیہ روپ پانچویں ہندوستانی شہری بنے تھے ۔اس وقت ساتوں براعظموں کی سات چوٹیوں اور سات آتش فشاں پہاڑوں کو سب سے کم عمر میں فتح کرنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے کوہ پیما ڈینیل بل کے نام ہے ۔ ڈینیل بل نے 36 سال 157 دن کی عمر میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ستیہ روپ جب جنوری میں انٹارکٹکا کی بلند ترین آتش فشاں ماؤنٹ سڈلے کی مہم شروع کریں گے تو ان کی عمر 35 سال 9 ماہ ہوگی۔ بل نے ارجنٹائن۔چلی بارڈر پر واقع بلند ترین آتش فشاں پہاڑ اوجوس ڈیل سالاڈو سر کر کے 27 اپریل 2017 کو گنیز بک میں اپنا نام درج کرایا تھا۔ستیہ روپ سات براعظموں کے سات پہاڑوں کو سر کرنے کا عمل مکمل کر چکے ہیں۔ اب تک انہوں نے 7 آتش فشاں پہاڑوں میں سے5 آتش فشاں پہاڑوں پر ترنگا لہرا یا ہے ۔ 30 نومبر 2018کو ستیہ روپ شمالی امریکہ کے اونچے آتش فشاں پہاڑ ماؤنٹ پیکو دی اورجابا سر کرنے کیلئے میکسیکو کا سفر شروع کر چکے ہیں۔ وہ دسمبر کے پہلے ہفتے مہم شروع کریں گے ۔ اس میں کامیاب ہونے پر 18 جنوری سے ماؤنٹ سڈلے پر چڑھنے کی کوشش شروع کریں گے ۔