کوہیر ۔ یکم مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر کرشنا موہن ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ آبپاشی ظہیرآباد نے کوہیر میں ایک خصوصی ملاقات کے دوران نمائندہ سیاست کوہیر کو مشن کاکتیہ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ کوہیر منڈل میں 9 تالابوں کی تعمیر و مرمت کے لئے جملہ 96 لاکھ روپئے منظور ہوچکے ہیں اور تمام تالابوں کا ٹنڈر طلب کرلیا گیا ہے اور تقریباً گاؤں میں کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ عملہ کی کمی کی وجہ سے کاموں میں تاخیر ہورہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ کوہیر مستقر میں واقع تالاب کے لئے16.95 لاکھ روپئے، ماچر ریڈی پلی نرسا ریڈی تالاب کے لئے 8.96 لاکھ، برساپلی تالاب کے لئے9.32 لاکھ، چنتل گھٹ تالاب کے لئے 12.39 لاکھ، بچارا گڑ تالاب کے لئے 12.11 لاکھ، سجاپور 10.96 لاکھ، وینکٹا پور 12.19 لاکھ اور چھوٹا تالاب کے لئے 84 لاکھ، پرساپلی چھوٹا تالاب کے لئے 5.85 لاکھ منظور کئے جاچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تالابوں میں مٹی کی نکاسی کی جارہی ہے۔ اگرچہ کوئی کسان اپنی اراضیات میں ڈالنا چاہ رہے ہیں وہ ڈال سکتے ہیں۔ جے سی بی کا کرایہ حکومت برداشت کرے گی۔ ٹریکٹر یا لاری ٹپر کا کرایہ کسانوں کو دینا ہوگا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ جہاں پر تالابوں کی اراضیات پر ناجائز قبضے ہوچکے ہاں وہاں پر بہت جلد محکمہ ریونیو، محکمہ جنگلات، محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ جامع سروے کیا جائے گا۔ ناجائز قبضوں کو برخاست کرتے ہوئے حد بندی کی جائے گی۔ مشن کاکتیہ پروگرام سے کسانوں میں خوشی کی لہر دیکھی جارہی ہے۔