کوہیر میں قومی شاہراہ کی تعمیر میں تاخیر

عہدہ داروں کی لاپرواہی سے عوام کو مشکلات کا سامنا
کوہیر /22 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے کوہیر منڈل مستقر سے قومی شاہراہ کو جوڑنے والی اہم سڑک پر زیر تعمیر نارنجہ واکو پر پل کے تعمیری کاموں میں سستی و کاہلی ہونے کے سبب راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کوہیر آنے جانے والی یہ ایک اہم سڑک ہے، اس کے تعمیری کاموں کی نگرانی محکمہ آر اینڈ بی کے تحت ہے، تاہم عہدہ داروں کی لاپرواہی کی وجہ سے کنٹراکٹر بھی سستی سے کام لے رہا ہے۔ کوہیر کے عوام کئی مرتبہ پل کی تعمیر کو جلد سے جلد مکمل کرنے عہدہ داروں اور کنٹراکٹر پر دباؤ ڈال چکے ہیں، لیکن ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ کوہیر منڈل کا صدر مقام ہے، جہاں پر روزانہ بہت سے لوگ آتے جاتے رہتے ہیں۔ اسکول اور کالج جانے والوں کو شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سب سے زیادہ اسکول جانے والے چھوٹے چھوٹے بچے پریشان ہو رہے ہیں۔ پل کے بازو میں ایک عارضی سڑک بنائی گئی ہے، جو انتہائی ناقص اور خستہ حالت میں ہے۔ اس سڑک پر کئی مرتبہ آٹو، اسکول بس اور لاریاں وغیرہ حادثہ کا شکار ہو ئیں۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی سابق ریاستی وزیر متعلقہ عہدہ داروں کو کئی مرتبہ سخت وارننگ بھی دے چکی ہیں، لیکن ان پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ آر اینڈ بی کے عہدہ دار اسسٹنٹ انجینئر وسیم اختر نے بتایا کہ ہم لوگ متعلقہ کنٹراکٹر پر ہر طرح کا دباؤ ڈال رہے ہیں، لیکن وہ کسی نہ کسی بہانے فرار حاصل کرتا ہے۔ کبھی لیبر کی کمی بتاتا ہے یا پھر کوئی دوسری اہم وجہ بتاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پل کے تعمیری کاموں کے لئے بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، 4 کروڑ 10 لاکھ روپئے کا ٹینڈر ہو چکا ہے۔ کوہیر کے عوام کا کہنا ہے کہ موسم برسات کا آغاز ہوچکا ہے، اگر تھوری بھی بارش ہو جاتی ہے تو عوام کا چلنا دشوار ہو جاتا ہے، جب کہ زیادہ بارش ہونے پر مکمل راستہ بند ہو جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے، لیکن اب تک پل کا کام پایۂ تکمیل کو نہیں پہنچا۔ کوہیر تحصیلدار نے بھی ضلع کلکٹر کو پل کی تعمیر کے سلسلے میں ایک تفصیلی رپورٹ روانہ کی ہے۔ کوہیر کے عوام نے ارباب مجاز سے خواہش کی ہے کہ پل کی تعمیر میں تاخیر نہ کی جائے اور تعمیری کام مکمل کرکے عوام کو راحت پہنچائی جائے، ورنہ کنٹراکٹر اور محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف قومی شاہراہ پر زبردست احتجاج کیا جائے گا۔