کوہیر میں جوش و خروش کے ساتھ نماز عیدالفطر کی ادائیگی

کوہیر۔/28جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل مستقر اور اطراف واکناف کے مواضعات میں عیدالفطر نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز عید کے لئے سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ کوہیر پر دیکھا گیا جہاں تقریباً 5 ہزار سے زائد فرزندان توحید نے نماز عیدالفطر ادا کی۔ حافظ و قاری محمد محبوب علی امام و خطیب جامع مسجد کوہیر نے نماز پڑھائی اور خطبہ دیا اور امن کی خصوصی دعائیں کی۔ گرام پنچایت کوہیر کی جانب سے نمازیوں کیلئے درکار تمام سہولتیں فراہم کی گئیں جس کی نگرانی محمد کلیم الدین ٹی آر ایس یوتھ لیڈر نے انجام دی۔ اس طرح موضع ماچرریڈی پلی، دیگوال، کویلی، گرجواڑہ، بلال پور میں بھی فرزندان توحید نے عید کی نماز ادا کی ۔ ہر گاؤں گاؤں میں غیر مسلمانوں نے مسلمانوں کو بغلگیر ہوکر عید کی مبارکباد پیش کی۔ مسلمانوں اور غیر مسلم بھائیوں کی شیر خورمہ کے ساتھ تواضع کی گئی۔ ہر جگہ قومی یکجہتی کے مناظر نظر آرہے تھے۔