کوہلی ۔ کمبلے تعلقات میں بدتمیزی یا ناشائستگی کی تردید

ہندوستانی کپتان کو منیجر کی کلین چٹ ، ملہوترہ رپورٹ کی پیشکشی

نئی دہلی ۔ /2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو اپنی ٹیم کے کوچ انیل کمبلے کے ساتھ اختلافات کے بارے میں ایڈمنسٹریٹیو منیجر کپل ملہوترہ نے اپنی رپورٹ میں کلین چٹ دیا ہے ۔ کوہلی سے اختلافات کی وجہ کمبلے کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا ۔ ایڈمنسٹریٹیو منیجر کی رپورٹ اگرچہ ہر گھریلو یا بیرونی سیریز کے بعد لازمی طور پر پیش کی جاتی ہے لیکن اس کی بالعموم رسمی ضابطہ سمجھا جاتا ہے ۔ تاہم کمبلے کے استعفیٰ کے معاملے میں بی سی سی آئی نے کرکٹ کلب آف انڈیا کے ملہوترہ کو انگلینڈ میں کوہلی اور کمبلے کے مابین اختلافات سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی خصوصی ہدایت کی تھی ۔ تاہم یہ معلوم ہوا ہے کہ ملہوترہ کی رپورٹ میں کسی متنازعہ واقعہ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا ہے ۔ بی سی سی آئی میں اس واقعہ سے واقف کار ذرائع نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’کپل ملہوترہ نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے ۔ رپورٹ میں کم سے کم ایسی کوئی بات نہیں ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کپتان ویراٹ کوہلی نے کسی موقعہ پر کوچ کمبلے سے کبھی کوئی سختی یا ناشائستگی کی تھی یا پھر ایسا کوئی تذکرہ بھی نہیں کیا گیا جس سے ڈسپلن شکنی کا شبہ ہوسکتا ہے ‘‘ ۔ یہ بتائے جانے پر کہ پریکیٹس کے دوران کپتان اور کوچ ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کیا کررہے تھے ۔ اس عہدیدار نے جواب دیا کہ انہیں (ملہوترہ کو) واضح طور پر ہدایت کی گئی تھی کہ ایسا کوئی واقعہ اگر ہو تو اس کی اطلاع دی جائے جس (واقعہ) سے ڈریسنگ روم کا ماحول یا پھر ٹیم کا حوصلہ متاثر ہوسکتا تھا ۔ رپورٹ میں ایسے کسی واقعہ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا ہے ۔ بی سی سی آئی /10 جولائی کو ممبئی میں کوچیس کے انٹرویوز لینے کی تیاری مکمل کرلی ہے اور روی شاستری بحیثیت کوچ واپسی کے ایک اہم امیدوار سمجھے جارہے ہیں ۔ دیگراہم ناموں میں ویریندر سہواگ ، ٹام موڈی ، رچرڈ پائبس ، وینکٹیش پرساد ، ڈوڈا گنیش اور دوسرے شامل ہیں ۔