لاہور ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیٹسمن ویراٹ کوہلی کے ایک کٹر پاکستانی پرستار کو 10 سال کی سزائے قید کا سامنا ہے کیونکہ اسے صوبہ پنجاب میں اپنے مکان پر ہندوستانی ترنگا لہرانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا جبکہ اُس نے یہ حرکت اپنے پسندیدہ کرکٹر کیلئے اپنی چاہت کے اظہار کے طور پر کی تھی۔ پیشہ سے ٹیلر 22 سالہ عمر دراز متوطن ضلع اوکاڑہ کو گزشتہ روز ایک ڈسٹرکٹ کورٹ کے روبرو پیش کیا گیا تھا جس نے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عمر کو 26 جنوری کو گرفتار کیا گیا جب ہندوستان نے آسٹریلیا کو T20 میچ میں شکست دی اور کوہلی نے دھواں دھار 90 رنز اسکور کئے۔ پولیس نے عمر کے مکان پر دھاوا اس شکایت پر کیا کہ اُس نے اپنے مکان کی چھت پر ہندوستانی پرچم لہرایا۔ پولیس نے اُس کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 123-A اور قانون برقراری امن عامہ کے تحت کیس درج رجسٹر کیا ہے۔